ساحل عدیم مشکل میں پھنس گئے، سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع

ویب ڈیسک  جمعرات 4 جولائی 2024
ساحل عدیم نے ملک کی 95 فیصد خواتین کو جاہل قرار دیا تھا

ساحل عدیم نے ملک کی 95 فیصد خواتین کو جاہل قرار دیا تھا

  کراچی: رکن سندھ اسمبلی ماروی فصیح کی جانب سے ساحل عدیم کے خلاف مذمتی قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کرادی گئی۔

پیپلز پارٹی کی ایم پی اے سیدہ ماروی فصیح نے سندھ اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا کہ یہ ایوان نام نہاد موٹیویشنل اسپیکر ساحل عدیم کے اس ریمارکس کی شدید مذمت کرتا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ 95 فیصد خواتین جاہل ہیں۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ ساحل عدیم کے تبصرے ہماری مذہبی، سماجی اور قانونی اقدار کی سخت خلاف ورزی ہیں، جس کی وجہ سے خواتین کو بڑے پیمانے پر تکلیف ہوئی ہے۔ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ نام نہاد موٹیویشنل اسپیکر ساحل عدیم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

ماروی راشدی نے کہا کہ ساحل عدیم کے تعصبانہ ریمارکس کی وجہ سے بحیثیت عورت اور بحیثیت نمائندہ سندھ اسمبلی میرا اور میری طرح کی ہر عورت کا استحقاق مجروح ہوا ہے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں موٹیویشنل اسپیکر اور اسکالر ساحل عدیم نے بحث کے دوران ملک کے 25 فیصد مردوں اور 95 فیصد خواتین کو جاہل قرار دیا، جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔ پروگرام میں شریک ایک لڑکی نے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ اگر 100 خواتین کا جائزہ لیا جائے تو 95 فیصد خواتین جاہل نکلیں گی، انہیں صرف میک اپ اور ٹک ٹاک کا علم ہوگا، انہیں طاغوت کا مطلب تک نہیں معلوم ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔