کراچی پولیس مقابلے میں ملزمان کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق بیٹی شدید زخمی
اسٹیل ٹاؤن گلشن حدید لنک روڈ پر پولیس اور سفید کرولا گاڑی میں سوارمسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس میں ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آکرگاڑی میں سوارمعمرخاتون جاں بحق اوربیٹی شدید زخمی ہو گئی۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ جوابی فائرنگ سے گاڑی میں سوار ایک ملزم بھی زخمی ہوا جوکہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فرارہونے میں کامیاب ہو گیا ۔سفید کرولا گاڑی میں سوارمسلح ملزمان شہریوں نے نقدی چھینے کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کا تعاقب جاری ہے۔
پولیس اور مسلح ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق و زخمی ہونےو الی ماں بیٹی ٹھٹھہ کی رہائشی ہیں۔ پولیس کے مطابق اسٹیل ٹاؤن تھانے کے علاقے گلشن حدید لنک روڈ سومار گوٹھ تاج محل پمپ کے قریب گشت پر مامور پولیس موبائل میں سوار اہلکاروں نے مشکوک سفید کرولا گاڑی کا تعاقب کرنے کے بعد رکنے کا اشارہ کیا توگاڑی میں سوارمسلح ملزمان نے پولیس پارٹی پرشدید فائرنگ کردی جس پر پولیس پارٹی کی جانب سے بھی مسلح ملزمان کی گاڑی پرفائرنگ کی گئی۔
پولیس اورکارسوارمسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کی زد میں آکرسفید رنگ کی آلٹوگاڑی میں سوار2خواتین بھی زخمی ہو گئیں، جنہیں فوری طورپراسپتال روانہ کیا گیا جب کہ پولیس کی فائرنگ سے گاڑی میں سوارایک مسلح ملزم بھی زخمی ہوا، جسے اس کے ساتھی اپنے ساتھ لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ایس ایچ اواسٹیل ٹاؤن آغا عبدالرشید نے ایکسپریس کو بتایا کہ ایک متاثرہ شہری نے مشکوک گاڑی کی نشاندہی کی تھی، جس پرگشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا، تو مسلح ملزمان نے کلاشنکوف سے پولیس موبائل پرفائرنگ کردی۔ اس دوران اہلکاروں کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں مسلح ملزمان کی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے اور مسلح ملزمان کا ایک ساتھی شدید زخمی ہو گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس اور گاڑی میں سوار مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں سفید رنگ کی آلٹو گاڑی میں سوار2خواتین شدید زخمی ہو گئیں، جنہیں فوری طور پر ایمبولینس میں جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ ایک شدید زخمی خاتون اسپتال پہنچنے سے قبل دم توڑ گئی ۔ ایس ایچ او نے بتایاکہ پولیس ملزمان کے پیچھے ہے، ملزمان کی گاڑی کو ٹول پلازہ فرار ہوتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
سفید کرولا میں سوار ملزمان شہریوں سے نقدی چھینے کی وارداتوں میں ملوث ہیں اورشبہ ہے کہ یہ ہی گروہ غیرملکیوں سے رقم چھینےکی وارداتوں میں ملوث ہے۔ کار سوار مسلح ملزمان نے گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ لگائی ہوئی تھی۔
فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق و زخمی ہونے والی خواتین کی شناخت 60 سالہ سارہ زوجہ ابراہیم اور 19 سالہ غنوہ دختر ابراہیم کے نام سے کی گئی، جو آپس میں ماں بیٹی اور ٹھٹھہ کی رہائشی ہیں۔ دونوں ماں بیٹی علاج کے سلسلے میں کراچی کے ایک اسپتال آئی تھیں اور اپنے گھر ٹھٹھہ واپس جا رہی تھیں کہ لنک روڈ پر پولیس اور کار سوار ڈکیتوں کے درمیان فائرنگ کی زد میں آ گئیں۔
ایک متاثرہ شہری دلشاد حسین نے بتایا کہ گاڑی رجسٹریشن نمبر بی آر 916 میں سوارمسلح ملزمان نے چند روز قبل ان سے واردات کرنے کی کوشش کی تھی لیکن واردات ناکام ہوگئی تھی۔ گزشتہ روز جب انہوں نے گاڑی کوایک مقام پر کھڑا دیکھا تو انہوں نے قریب موجود پولیس موبائل کو اطلاع دی۔ پولیس اہل کار جیسے ہی گاڑی کے قریب پہنچے توگاڑی میں سوار مسلح ملزمان نے براہ راست فائرنگ کردی۔ مسلح ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ اس موقع پر مسلح ملزمان قومی شاہراہ پربھی فائرنگ کرتے رہے۔