پیسکو افسر پر تشدد ضمانت خارج ہوتے ہی بلدیاتی ناظمین عدالت سے رفو چکر

ملزمان نے پیسکو کے ایس ڈی او کو یرغمال بنا کر حجرے میں تشدد کیا تھا، عدالت کا گرفتاری کا حکم

(فوٹو: فائل)

پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے سب ڈویژنل آفیسر پر تشدد کرنے والے ملزمان (بلدیاتی ناظمین) ضمانت خارج ہونے کا فیصلہ سُن کر عدالت سے فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پشاور میں کریمنل ماڈل کورٹ میں ایس ڈی او داؤدزئی احمر ممتاز پر تشدد کرنے والے ملزمان کی عبوری ضمانت درخواست پر سماعت جج سید بادشاہ نے کی اور پیسکو افسر پر تشدد کرنے والے ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کردی۔


ملزمان عدالتی فیصلے کے دوران عدالت سے رفو چکر ہوگئے جس پر جج نے ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔

استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ 13 جون کو بلدیاتی ناظمین زاہد بہادر اور گل افضل نے پیسکو ایس ڈی او احمر پر تشدد کیا اور حجرے میں یرعمال بنایا، پیسکو حکام نے دونوں ملزمان کیخلاف اقدام قتل اور جسمانی تشدد کا مقدمہ تھانہ داودزئی میں درج کیا۔

عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ملزمان نے گرفتاری قبل عدالت میں عبوری ضمانت درخواست دائر کی تھی، عدالت نے عبوری ضمانت درخواست خارج کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔
Load Next Story