امبانی کے بیٹے کی شادی میں پرفارمنس کیلئے جسٹن بیبر کتنا معاوضہ لیں گے؟

ویب ڈیسک  جمعـء 5 جولائی 2024
اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ 12 جولائی کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے : فوٹو : ویب ڈیسک

اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ 12 جولائی کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے : فوٹو : ویب ڈیسک

 ممبئی: ایشیا کے امیر ترین شخص بھارتی بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریبات میں پرفارم کرنے کے لیے کینیڈین پاپ اسٹار جسٹن بیبر کے معاوضے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جسٹن بیبر، اننت امبانی کی شادی میں پرفارم کرنے کے لیے امریکی گلوکارہ ریانا سے زیادہ معاوضہ وصول کررہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کے سنگیت کی تقریب میں پرفارم کرنے کے لیے جسٹن بیبر کو 83 کروڑ بھارتی روپے (تقریباً 2 ارب 76 کروڑ 88 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) معاوضہ دیا جائے گا۔

آج یعنی 5 جولائی کو امبانی خاندان کی رہائش گاہ اینٹیلیا میں اننت اور رادھیکا کے سنگیت کی تقریب منعقد ہوگی جس میں جسٹن بیبر اپنی شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔

گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ جسٹن بیبر، امبانی کے بیٹے کی شادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت کے شہر ممبئی پہنچ چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: اننت امبانی کی شادی میں پرفارمنس کیلئے جسٹن بیبر کی ممبئی آمد

واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں مکیش امبانی نے اپنے بیٹے اننت امبانی اور اُن کی منگیتر رادھیکا مرچنٹ کے لیے تین روزہ  پری ویڈنگ تقریبات کا انعقاد کیا تھا، یہ تمام تقریبات بھارتی ریاست گجرات کے شہر جام نگر میں منعقد ہوئی تھیں۔

پری ویڈنگ تقریبات میں دنیا بھر کی چند بااثر شخصیات اور نامور بالی ووڈ ستاروں نے شرکت کی تھی جن میں سماجی، سیاست، کاروباری، شوبز اور کھیلوں کی دنیا کی معروف شخصیات شامل تھیں۔

ان تقریبات میں امریکی گلوکارہ ریانا نے بھی پرفارم کیا تھا، اُنہوں نے اپنی پرفارمنس کے لیے 74 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ لیا تھا۔

مزید پڑھیں: اننت امبانی کی شادی کیلئے امریکی گلوکارہ ریانا کتنا معاوضہ لیں گی؟

اس کے علاوہ اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کا دوسرا جشن 29 مئی سے یکم جون تک اٹلی اور جنوبی فرانس میں کروز پر منایا گیا تھا جبکہ امبانی خاندان نے اننت اور رادھیکا کی شادی سے قبل 50 غریب جوڑوں کی شادی بھی کروائی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔