مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ عمران خان رہائی کی تحریک شروع ہو گئی ہے جس کا اختتام جعلی حکومت کے خاتمے پر ہوگا۔
اپنے بیان میں صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے تحریک کا آغاز ہو چکا ہے اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ملک بھر میں اس تحریک کی قیادت کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس تحریک کا اختتام جعلی اور غاصب حکومت کے خاتمے پر ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان خصوصاً خواتین پر مظالم کا حساب لیا جائے گا۔ پی ٹی آئی آج مانسہرہ میں سیاسی میدان سجائے گی۔ کارکنان تحریک میں شرکت کرنے کے لیے قافلوں کی شکل میں مانسہرہ پہنچ رہے ہیں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی جلسے سے خطاب کریں گے۔ مانسہرہ کے بعد کل پی ٹی آئی اسلام آباد ترنول میں بڑا سیاسی میدان سجائے گی۔ مانسہرہ اور اسلام آباد جلسوں میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر ہوگا۔