کلفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں چوری کا ملزم اور تین دکان دار گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 5 جولائی 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

کراچی: کلفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں چوری کی واردات میں ملوث مرکزی ملزم اور تین دکان داروں کو گرفتار کرکے سامان برآمد کرلیا گیا۔

ایس پی کلفٹن ڈاکٹر عذیر احمد نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 27 جون کو کلفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں چوری کی واردات رپورٹ ہوئی تھی، واردات کے دوران برانچ کے کمپیوٹرز سے ہارڈ ڈرائیو، ریم، پراسیسر اور لیپ ٹاپ چوری کیا گیا تھا، ملزم نے سب سے پہلے سی سی ٹی وی ریکارڈنگ روم سے سسٹم کو منقطع کردیا تھا اوراس کے بعد واردات انجام دی۔

ایس پی نے بتایا کہ ابتداء میں شبہ تھا کہ برانچ کا کوئی فرد ملوث ہے، انکوائری شروع کی گئی اور ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے 80 ملازمین کے فنگر پرنٹس بھی لیے گئے، جیوفینسنگ بھی کی گئی، ملزم کی جانب سے سی سی ٹی وی کیمروں کو منقطع کرنے کی وجہ سے سی سی ٹی وی ریکارڈنگ محفوظ نہیں ہوسکی تھی لیکن نیٹ ورک ریکارڈنگ سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کومل گئی جس میں حسن ولد محمد فاروق نامی ملزم کی حرکات مشکوک لگیں، ملزم نے ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں رنگ کا کام کیا تھا اس لیے ملزم ہر چیز سے واقف تھا، ملزم کو کمپیوٹر کے حوالے سے بھی معلومات تھیں۔

انھوں نے بتایا کہ ملزم کافی دنوں سے چوری کا منصوبہ بنا رہا تھا، ملزم نے پہلے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ منصوبہ بنایا لیکن 27 جون کو ملزم نے تنہا واردات انجام دی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے چوری کیا جانے والا لیپ ٹاپ کمپیوٹر، کئی پراسیسر، ہارڈ ڈسک اور ریم برآمد کرلی ہیں۔ برآمد شدہ سامان کی مالیت 10 لاکھ روپے ہے۔

ایس پی نے بتایا کہ ملزم نے چوری کیا جانے والا سامان صدر میں دکان داروں کو دو لاکھ روپے میں فروخت کردیا تھا، پولیس نے ان تین دکان داروں کو بھی گرفتار کرلیا ہے جنہوں نے چوری کا سامان بغیر کسی تصدیق کے خریدا، پولیس کے لیے برآمد سامان بہت اہم تھا، ڈرائیونگ لائسنس برانچ کا ڈیٹا بیس سی پی او میں ریکارڈ ہوتا ہے، ڈیٹا ان ڈیوائسز میں نہیں تھا، واردات ڈرائیونگ لائسنس کی سیکیورٹی کی ناکامی ہے اور اس حوالے سے انکوائری چل رہی ہے جو قصور ہوا اس کے خلاف محکمانہ ایکشن لیا جائے گا۔

ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزم نے 60 ہزار روپے والی ہارڈ ڈسک 10 ہزار روپے میں دکان داروں کو فروخت کی تھی، گرفتار ملزم کم پڑھا لکھا تھا لیکن ملزم نے کمپیوٹر سے متعلق معلومات یوٹیوب کے ذریعے حاصل کی اور ملزم کو معلوم ہے کون سی ریم یا ہارڈ ڈسک کی کیا اہمیت ہے۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ گرفتار ملزم ماضی میں مختلف پولیس تھانوں میں رنگ کا کام کرتا رہا ہے، پہلی واردات بلال کالونی تھانے میں کوشش کی تھی لیکن ملزم نے چوری کیا جانے والا سامان وہیں چھوڑ دیا تھا، اس لیے کسی کو واردات سے متعلق علم نہیں ہوا تھا، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔