سمجھ نہیں آتی آئی ایم ایف مراعات میں کمی کیلیے حکومت پر زور کیوں نہیں ڈالتا حافظ نعیم
اگر عوام خود سے باہر نکل آئے اورانارکی پھیل گئی تو پھر یہ ( حکمران ) کیا کریں گے، امیر جماعت اسلامی
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف جب کہتا ہے کہ مراعات کم کرو تو حکومت اس پر عمل کیوں نہیں کرتی۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف اگر ایسا ادارہ ہے جس کے کہنے پر حکمران یہ سب کرتے ہیں تو اس بات پر بھی کریں جو وہ ہلکے پھلکے انداز میں کہتا ہے کہ مراعات کم کرو، مگر مراعات کم کرنے والی بات پر یہ عمل نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی سمجھ میں نہیں آتی کہ آئی ایم ایف ایک طرف تو کہتا ہے کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس نہیں لگایا تو پروگرام میں شامل نہیں کریں گے دوسری طرف وہ مراعات میں کمی پر عمل درآمد کرانے کے لیے زور کیوں نہیں ڈالتا۔
امیر جماعت کا مزید کہنا تھا کہ جو حکومت فارم 47 کی پیداوار ہو اس کی کیا ساکھ ہے کہ وہ فیصلے کرے، جس کو عوام کے مینڈیٹ کی فکر ہو وہ سوچتا ہے کہ عوام اس کے خلاف نہ ہو جائے۔
انہوں نے کہا کہ اب تو یہ ایسے ہی کریں گے اور ان کو پتا ہو گا کہ ہم پھر فارم 47 کے ذریعے آ جائیں گے۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ یہ حکومت ایسے نہیں چلے گی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اور اگر عوام خود سے باہر نکل آئے اورانارکی پھیل گئی تو پھر یہ ( حکمران ) کیا کریں گے۔