صدر مملکت کی برطانیہ کی لیبرپارٹی کے سربراہ کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

برطانیہ کی نئی حکومت کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزیدمضبوط بنانے کے خواہاں ہیں، آصف علی زرداری

آصف علی زرداری نے کیئر اسٹارمر کو انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دے دی—فوٹو: فائل

صدر مملکت آصف علی زرداری نے برطانیہ کی لیبرپارٹی کے سربراہ کیئر اسٹارمر کو انتخابات میں کامیابی اور وزیراعظم کے عہدے پر نامزد کیے جانے پر مبارک باد دے دی۔

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ میں کیئر اسٹارمر کو برطانیہ کے انتخابات میں فتح پر مبارک باد دیتا ہوں اور پاکستان برطانیہ کی نئی حکومت کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کرنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ برطانوی وزیرِ اعظم دنیا کو درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔


یہ بھی پڑھیں: برطانوی انتخابات میں لیبرپارٹی کی لینڈ سلائیڈ وکٹری؛ نئے وزیراعظم کا اعلان

خیال رہے کہ برطانیہ کے عام انتخابات میں لیبر پارٹی لینڈ سلائیڈنگ کامیابی حاصل کرتے ہوئے کنزرویٹو کی طویل حکمرانی کا خاتمہ کردیا ہے، جہاں کیئر اسٹارمر کی سربراہی میں لیبر پارٹی کو 412 سے زائد نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔

لیبرپارٹی زبردست کامیابی کے ساتھ برطانیہ میں نئی حکومت بنانے کی پوزیشن پر آگئی ہے اور پارٹی نے اپنے سربراہ کئیر اسٹارمر کو نیا وزیراعظم نامزد کردیا ہے۔

برطانوی انتخابات کے نتائج کے مطابق سابق حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی نے 650 نشستوں میں سے 121 نشستیں حاصل کرلی ہیں، اس کے علاوہ لبرلز جماعت 71 نشستیں حاصل کرکے تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔
Load Next Story