کراچی کے دو ٹاؤنز کے افسران کرپشن کے الزام میں تحقیقاتی اداروں کے ریڈار پر آگئے

نعیم خانزادہ  جمعـء 5 جولائی 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  کراچی: کرپشن اور بدعنوانی کے معاملے پر گلبرگ اور نیو کراچی ٹاﺅنز کے افسران تحقیقاتی اداروں کے ریڈار پر آگئے، جس کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد رشوت ستانی (اینٹی کرپشن) گلبرگ ٹاﺅن کے ڈائریکٹر ٹیکسز اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن کے عہدے پر موجود گریڈ18 کے افسر عارفین، اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ ٹیکسز محمد عارف کیخلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا جبکہ نیو کراچی ٹاﺅن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن اور انچارج موٹر وہیکل محمد مشتاق کیخلاف اینٹی کرپشن نے تحقیقات شروع کردیں۔

ٹاﺅنز چیئرمین کے قریبی افسران اور کوآرڑنیٹرز سمیت دیگر افسران کیخلاف بھی تحقیقات شروع کئے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی محکمہ انسداد رشوت ستانی (اینٹی کرپشن)نے گلبرگ ٹاﺅن اور نیو کراچی ٹاﺅن کے افسران کیخلاف سنگین کرپشن اوربدعنوانیوں کے الزامات پر باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور افسران کے اثاثوں کی بھی چھان بین شروع کردی ہے،اس سلسلے میں گلبرگ ٹاﺅن کے ڈائریکٹر ٹیکسز اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن کے عہدوں پر موجود گریڈ18 کے افسر عارفین اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکسز ایڈورٹائزمنٹ محمد عارف کیخلاف تحقیقات کی جارہی ہیں اور دونوں کو تحقیقات کیلیے طلب بھی کیا جاچکا ہے۔

دوسری طرف نیو کراچی ٹاﺅن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن اور انچارج موٹر وہیکل محمد مشتاق کیخلاف بھی تحقیقات تیزی سے جاری ہیں اور اس سلسلے میں محمد مشتاق کو بھی تمام ریکارڈ سمیت طلب کیا جاچکا ہے۔ ٹاﺅنز ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افسران کیخلاف کرپشن اور بدعنوانیوں کی سنگین شکایات پر تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ ٹاﺅنز کے بعض کمیٹیوں کے چیئرمین کیخلاف بھی تحقیقات شروع کئے جانے کا امکان ہے جس میں نیو کراچی ٹاﺅن کی مختلف کمیٹیوں کے چیئرمینز کے نام شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ کمیٹی چیئرمین مبینہ طور پر کرپٹ افسران کی سرپرستی اور ان کی لوٹ مار میں سہولت کاری کا کردار ادا کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔