کراچی میں اوور لوڈ گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 6 جولائی 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

کراچی: آئی جی موٹر وے سلمان چوہدری کی ہدایت پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ساؤتھ زون کراچی نے اوور لوڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے ۔

ترجمان کے مطابق آپریشن کا مقصد قیمتی شاہراہوں کی حفاظت کو یقینی اور اوور لوڈنگ کی وجہ سے ہونے والے حادثات کو روکنا ہے۔اوور لوڈ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔

گاڑیوں کو کراچی ٹول پلازہ اور کاٹھور سے واپس بھی کرایا جا رہا ہے  جس میں بھاری جرمانے اور گاڑیوں کی ضبطگی بھی شامل ہے ۔

ترجمان کے مطابق اوور لوڈ گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی موٹر وے پولیس منیر احمد شیخ نے مکمل طور پر اوور لوڈنگ کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنی شاہراہوں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کریں گے۔ اوور لوڈ گاڑیوں کو ہائی ویز اینڈ موٹرویز پر کسی صورت داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ یہ کریک ڈاؤن موٹر وے پولیس کی ہائی ویز اور موٹر ویز کی حفاظت کو بہتر بنانے اور حادثات کے خطرے کو کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ عوام سے بھی درخواست کی جاتی ہے کہ وہ حکام کے ساتھ تعاون کریں اور ٹریفک قوانین و ضوابط کی پاسداری کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے محفوظ رہا جا سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔