اسرائیل کی غزہ میں اسکول پر بمباری 16 فلسطینی شہید

شہدا کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ زخمیوں سے کئی کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے، ترجمان غزہ سول ایمرجنسی سروس


ویب ڈیسک July 07, 2024
اسرائیلی بمباری سے 50سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے—فوٹو: فائل

اسرائیل نے مرکزی غزہ میں النصیرت اسکول پر بمباری کرکے 16 فلسطینیوں کو شہید کردیا جہاں بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ اسکول پر ہونے والی اسرائیلی بمباری سے 16 افراد شہید اور 50 سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔

غزہ سول ایمرجنسی سروس کے ترجمان محمود باسل کا کہنا تھا کہ شہدا کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ زخمیوں میں سے کئی افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسکول پر حملے کا مطلب یہ ہے کہ غزہ میں ان شہریوں کے لیے کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے جو اپنے گھر چھوڑ کر پناہ کی تلاش میں ہیں۔

ڈاکٹروں کے مطابق اسرائیل نے اس سے قبل بھی النصیرت کیمپ میں قائم ایک گھر پر بمباری کرکے 10 افراد کو شہید کردیا تھا اور کئی زخمی ہوگئے تھے۔

وزارت صحت نے شہدا کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر جاری ہونے والے اعداد شمار سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 فلسطینیوں کو شہید اور 100 افراد کو زخمی کردیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہید فلسطینیوں میں 5 مقامی صحافی بھی شامل ہیں، جس کے بعد 7 اکتوبر سے جاری جنگ میں جاں بحق صحافیوں کی تعداد 158 ہوگئی ہے۔

غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ غزہ جنگ میں اب تک شہدا کی تعداد 38 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں