بنگلا دیش میں سیلاب سے 8 افراد ہلاک 20 لاکھ سے زائد متاثر

سیلاب سے 20 لاکھ سے زائد شہری متاثر ہوگئے ہیں، ملک بھر کے 64 اضلاع میں سے 7 بری طرح متاثر ہوگئے ہیں، سرکاری عہدیدار


ویب ڈیسک July 07, 2024
بنگلہ دیش کے حکام نے بتایا کہ شمالی خطے میں سیلاب سے حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں—فوٹو: اے ایف پی

بنگلا دیش میں شدید بارش کے نتیجے میں سیلاب سے 8 افراد ہلاک اور 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوگئے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بنگلادیش میں جاری بارشوں کے نتیجے میں دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے اور مزید سیلاب کا خدشہ ہے۔

علاقائی پولیس سربراہ سبوج رانا نے بتایا کہ شاہ جادور کے علاقے میں سیلاب میں ایک کشتی ڈوبنے سے دو لڑکے جاں بحق ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ چھوٹی کشتی میں 9 افراد سوار تھے تاہم ان میں سے 7 افراد نے تیرتے ہوئے اپنی بچائی جبکہ جاں بحق ہونے والے دونوں لڑکوں کو تیراکی نہیں آتی تھی۔

کوریگرام میں پولیس سربراہ بشوادیب نے اے ایف پی کو بتایا کہ دو مختلف واقعات میں تین افراد اس وقت جاں بحق ہوئے جب ان کی کشتیاں بارش سے جمع ہونے والے پانی میں بکھری ہوئی بجلی کے تاروں سے ٹکرائیں۔

حکومت نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کے شمالی خطے میں سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے سیکڑوں مقامات پر پناہ گاہیں بنائی ہیں جہاں خوراک اور ریلیف کا سامان بھیج دیا گیا ہے۔

بنگلادیش کی وزارت ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے سیکریٹری قمرالحسن نے بتایا کہ سیلاب سے 20 لاکھ سے زائد شہری متاثر ہوگئے ہیں، ملک بھر کے 64 اضلاع میں سے 7 بری طرح متاثر ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شمالی خطے میں صورت حال آنے والے دنوں میں مزید خراب ہوسکتی ہے کیونکہ ملک کی اہم آبی گزرگاہوں میں سے ایک براہماپترا میں پانی کی سطح خطرناک حد سے اوپر ہے۔

مقامی ڈیزاسٹر اینڈ ریلیف عہدیدار عبدالحئی نے بتایا کہ سب سے متاثرہ اضلاع میں کوریگرام ہے جہاں 9 میں سے 8 قصبے سیلاب میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں