برطانوی وزیراعظم نے عہدہ سنبھالتے ہی تارکینِ وطن کو خوشخبری سنا دی

نومنتخب برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے تارکین وطن کو روانڈا بھیجنے کے منصوبے کو ختم کرنے کا اعلان کردیا


ویب ڈیسک July 07, 2024
نومنتخب برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے تارکین وطن کو روانڈا بھیجنے کے منصوبے کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

نومنتخب برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے تارکین وطن کو روانڈا بھیجنے کے منصوبے کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے نومنتخب وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں ہی انتخابی وعدوں میں سے ایک وعدہ نبھا کر اپنے ووٹرز کے دل جیت لیے۔

کئیر اسٹارمر نے روانڈا منصوبے کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ ناکام تھا جس سے صرف ایک فیصد غیر قانونی تارکین وطن کی تعداد کم ہو گی۔

نومنتخب وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے اس فیصلے سے نہ صرف عدالتی جنگ کا خاتمہ ہوگیا بلکہ برطانیہ کو آئندہ سال اور 2026 میں 50 ملین یورو کی بچت بھی ہوگی۔

کئیر اسٹارمر کا پہلے دن سے روانڈا منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے یہی مؤقف رہا ہے کہ سیاسی پناہ لینے میں ناکام افراد کو روانڈا بھیجنے کے بجائے ان کے آبائی وطن واپس بھیجنا چاہیے ۔

خیال رہے کہ سابق حکمراں جماعت کے روانڈا منصوبے کے تحت برطانیہ پہنچنے والے تارکین وطن کو 5 سال کے لیے روانڈا بھیجا جانا تھا جہاں تارکین وطن 5 سال تک رہتے اور اس دوران دیکھا جاتا کہ ان کے اپنا ملک چھوڑنے کی وجوہات درست ہیں یا محض بناوٹی باتیں ہیں۔

روانڈا میں یہ تارکین وطن ان 5 برسوں میں حکام کو پناہ حاصل کرنے کی وجوہات کا ٹھوس ہونے کا یقین دلانے میں کامیاب ہوجاتے تو انہیں پناہ گزین کا درجہ دے کر برطانیہ لایا جاتا۔

اور اگر تارکین وطن ایسا کرنے میں ناکام رہتے تو پھر انہیں روانڈا یا کسی تیسرے ملک میں پناہ کی درخواست دینا ہوتی۔

جون 2022 میں اس منصوبے کے تحت پناہ گزینوں کی روانڈا جانے والی پہلی پرواز کو عدالت نے منسوخ کردیا تھا اور یہ منصوبہ قانونی چارہ جوئی کے باعث تعطل کا شکار تھا۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں