بات کچھ اِدھر اُدھر کی چٹپٹے آلو اور میدے کی پوریاں
"''رمضان'' رحمتوں اور برکتوں کا وہ مہینہ جہاں روح کی طہارت کے ساتھ ساتھ اسلام کا اہم رکن روزہ انسان کی جسمانی کثافت کو دور کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ یہ اعتدال پسندی کھانے پینے میں توازن کی طرف مائل کرتی ہے۔
انسانی فطرت ہے کہ وہ انواع و اقسام کے طعام دیکھ کر ضرورت سے زیادہ غیر محتاط ہو جاتا ہے۔اور بے پناہ بے صبری کا مظاہرہ کرتا ہے اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ وہ صحت کی خرابی کا شکار ہو کر کئی روزوں سے محروم ہو جاتا ہے۔
ایسے ہی ایک رمضان میں ہمیں بھابھی کے انتخاب کے لئے جانا ہوا۔یہ تو آپ سب بخوبی جانتے ہیں کہ رشتہ جڑ نے میں دعوت میں کئے گئے اہتمام اور کھانے کی ڈشز کا انتخاب بہت اہمیت رکھتا ہے۔ اور اس سے ہی گھر والوں کے ذوق کا اندازہ ہوتا ہے۔
افطاری کے وقت جب ہم سب ٹیبل پر بیٹھے تو ایک ڈش ایسی تھی جس نے سب کی توجہ کھینچ لی۔ ذائقے سے پہلے اس کی سجاوٹ ایک خوبصورت منظر پیش کر رہی تھی۔ گول میدے کی ٹکیا اور اس پر آلو کی ترکاری اور تین مختلف چٹنیوں کی آمیزش ایک الگ مزہ دے رہی تھی۔
عموما" میدے کی بنی چیزیں طبعیت پر گراں گزرتی ہیں مگر چٹنیوں کا مزہ اور ان کی افادیت سے ہم سب واقف ہیں۔ بس ہم نے فورا ہی بھابھی صاحبہ کے گھر والوں سے ترکیب لکھوا لی۔ جو اب آپ کی خدمات میں بھی پیش ہے۔
آلو کی ترکاری:
آلو 2/1 کلو چھوٹے تکون شکل میں کاٹ لیں
نمک1 سے 2 چمچہ
کلونجی ۔ 6 سے 7 دانے
سرخ مرچ۔ 1 سے 2 چمچہ
ہلدی ۔ 1 سے 2 چمچہ
زیرہ ۔ 2/1 چمچہ
کالی مرچ حسب ضرورت
ترکیب:
فرائی پین یا نان اسٹک پین میں تھوڑا سا تیل ڈالیں پھر اس میں زیرے اور کلونجی کا بھگار دیں۔
پین میں نمک لال مرچ اور ہلدی ڈالیں اور آلو کے ٹکڑے ڈال کر بھون لیں۔ تاکہ مصالحہ آلوؤں میں جذب ہو جائے۔
اب ایک سے دو کپ پانی ڈال کر پین کو ڈھانپ دیں اور آلوؤں کو گلنے دیں۔
جب آلو گل جائیں تو بھون کر مصالحہ تقریبا خشک کر لیں اور ان پر کالی مرچ چھڑک دیں۔
چٹنیوں کی تیاری
ہرے مصالحے کی چٹنی:
پاؤ بھر ہری مرچیں اور ہرا دھنیا لے کر گراینڈر میں پیس لیں۔ بھر اس میں حسب ضرورت نمک اور لال مرچ ڈال کر پیس لیں۔ ہرے مصالحے کی چٹنی تیار۔
کھجور کی چٹنی:
دس عدد کھجوریں لے کر آدھے گھنٹے پانی میں بھگو دیں۔ پھر مسل کر انہیں اسی پانی میں مکس کر لیں اور گریئنڈ کر لیں۔ اب ایک سے دو چمچے چینی ڈالیں اور دوبارہ گرینڈ کرلیں۔ لیجئے کھجور کی چٹنی تیار۔
ٹماٹو کیچپ !
چاہیں تو گھر میں بنا لیں ہا بازار کا استعمال کر لیں۔
میدے کی ٹکیاں
میدہ ۔ حسب ضرورت
نمک۔ حسب ضرورت
میدے میں نمک ملا کر آٹا گوندھ لیں اور بڑی روٹی بیل لیں۔ پھر کسی مناسب سائز کے ڈھکن سے اس روٹی سے چھوٹی چھوٹی ٹکیاں کاٹ لیں اور انہیں تل لیجئے۔
تمام ٹکیاں ایک گول ٹرے میں رکھتی جائیں۔ پھر ان پر تھوڑی آلو کی سبزی رکھیں، ہرے مصالحے کی چٹنی ڈالیں، کیچپ ڈالیں اور کھجور کی چٹنی مناسب مقدار میں ڈالیں۔
سفید ٹکیاں، ہری چٹنی، سرخ کیچپ اور براؤن کھجور کی چٹنی۔ خوبصورت رنگوں کا یہ خوبصورت امتزاج آپ کو ایک خوشگوار احساس بھی دے گا اور رمضان کا لطف بھی دوبالا ہو گا۔
نوٹ: روزنامہ ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ blog@express.com.pk پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔