ایم کیوایم کا فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے 6 جولائی کو ریلی نکالنے کا اعلان

محب وطن عوام اپنی افواج کے حوصلے بلند کرنے کیلئے ریلی میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں،ڈاکٹرفاروق ستار

الطاف حسین کی ہدایت پررابطہ کمیٹی نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالنے کا اعلان کیا

متحدہ قومی موومنٹ نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے 6 جولائی کو ریلی نکالنے کا اعلان کردیا۔


ایکسپریس نیوز کےمطابق متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی ہدایت پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے 6 جولائی کو کراچی میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے جبکہ ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کےرکن ڈاکٹر فاروق ستار نے عوام سے ریلی میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج تاریخ کی مشکل ترین جنگ میں دشمنوں کے خلاف صف آراء ہے لہٰذا محب وطن عوام اپنی افواج کے حوصلے بلند کرنے کے لئے ریلی میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی تھی کہ وہ اپنی دیگر تمام مصروفیات ترک کرکے دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے اظہار اور ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے لئے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کے تاریخی اجتماع کا کراچی میں انعقاد کرے جس میں پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیاجائے۔
Load Next Story