حکومت سندھ کا شاہراہ فیصل پر واقع عمارتوں کی بیرونی تزئین و آرائش کا فیصلہ

شاہراہِ فیصل پر عمارات کی بیوٹی فکیشن کی حکمت عملی مرتب کرلی ہے اور جلد ہی کام کا آغاز کر دیا جائے گا، ایس بی سی اے


ویب ڈیسک July 07, 2024
ایس بی سی اے کے مطابق تزئین و آرائش کا کام جلد شروع کردیا جائے گا—فوٹو: فائل

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے حکومت سندھ کے احکامات کی روشنی میں شاہراہِ فیصل پر ایف ٹی سی بلڈنگ سے ایئرپورٹ کے درمیان واقع عمارتوں کی بیرونی تزئین و آرائش کا فیصلہ کرلیا اور اس سلسلے میں آرکیٹیکٹس کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔

ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے کی زیر صدارت شاہراہ فیصل کیئ بیوٹی فکیش کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) آصف سم سم کے سربراہی میں آباد کے وفد، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر 2 (ایسٹ) سمیت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ایس بی سی اے نے کراچی کی اہم ترین شاہراہ (شاہراہِ فیصل) پر واقع عمارتوں کی بیوٹی فکیشن کے کام کی حکمت عملی مرتب کر لی ہے اور جلد ہی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں ایس بی سی اے اور آباد باہم امور انجام دیں گے جبکہ ضلعی انتظامیہ ڈسٹرکٹ ایسٹ تعاون فراہم کرے گی۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ بیرونی تزئین و آرائش کا کام ائیرپورٹ تا ایف ٹی سی بلڈنگ کے درمیان تمام رہائشی اور کمرشل عمارتوں پر کیا جائے گا، جس میں شادی ہال، پیٹرول پمپس، رہائشی اور کمرشل عمارتیں شامل ہیں۔

بیوٹی فکیشن کے کام میں بیرون عمارت رنگ و روغن، لائیٹنگ، صفائی ستھرائی، شاہراہِ کے درمیان گرین بیلٹ کی تزئین سمیت روڈ کے دونوں اطراف درخت اور پودے بھی لگائے جائیں گے۔

ڈائریکٹر جنرل عبدالرشید سولنگی نے شاہراہ فیصل کا تفصیلی دورہ کیا اور اس دوران آباد کے وفد سمیت تمام متعلقہ اداروں کے افسران ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے زبوں حالی کا شکار کئی عمارتوں کی نشان دہی کرتے ہوئے ان کو نوٹسز جاری کر نے کے ہدایات بھی دیں، ان کا کہنا تھا کہ شاہراہ فیصل ملکی امیج میں خصوصی اہمیت کی حامل ہے، صاف ستھری خوبصورت تعمیرات مہذب قوم کے بارے میں سفارتی، تجارتی اور سیاحتی مہمانوں پر اولین تاثر قائم کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خوشنما عمارات ترقی اور خوش حالی کے لیے مثبت اور معاون ہوتی ہیں، خوشنما اور بدنما تعمیرات ملک کا پہلا امیج ہوتی ہیں جو شہریوں کے مزاج، تہذیب و تمدن کی عکاسی کرتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔