کراچی کے مضافاتی علاقوں میں بارش اندرون شہرحبس میں اضافہ
منگل کوگرج چمک کے ساتھ ہلکی تا درمیانی جبکہ بدھ کو صرف ہلکی بارش کا امکان باقی رہےگا، محکمہ موسمیات
بحیرہ عرب سے مون سون کے پہلے سلسلے کے نتیجے میں شہرکے مضافاتی علاقوں میں تیز، باقی ماندہ شہرمیں ہلکی بارش، پھوار اور بونداباندی ہوئی، سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 7ملی میٹرریکارڈ کی گئی۔
بحیرہ عرب سے اٹھنے والے مون سون کے باقاعدہ پہلے سلسلے کے نتیجے میں شہرقائد میں بادل جم کرنہیں برسے،جس کی وجہ سے حبس میں مزید اضافہ ہوگیا، بارش کا سلسلہ سرجانی ٹاؤن(خداکی بستی)سے شروع ہوا،جس کے بعد دیگرمضافاتی علاقوں گلشن معمار، کاٹھور، ملیر، نادرن بائی پاس، نیا ناظم آباد،اسکیم 33،گڈاپ ٹاؤن تک پھیل گیا۔
موٹروے ایم 9 پرموسلادھار بارش کی وجہ سے حدنگاہ خطرناک حد تک کم ہوگئی، باقی ماندہ شہرکے مکین بارش کا انتظارکرتے رہ گئے، اس دوران بارش سے محروم علاقوں میں شدید حبس محسوس کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاون میں 7 ملی میٹرریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے کم بارش کیماڑی میں ایک ملی میٹرریکارڈ ہوئی، شہرکے دیگرمقامات پرنصب رین گیجزمیں بارش کی مقدارمقررہ پیمانے سے کم رہی۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق مون سون کے سسٹم کے نتیجے میں بارش کا امکان بدھ تک برقراررہے گا، منگل کوگرج چمک کے ساتھ ہلکی تا درمیانی شدت جبکہ بدھ کو شہرمیں صرف ہلکی بارش کا امکان باقی رہےگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جولائی تا ستمبرمیں مون سون کے دورانیے میں 5سے6سسٹم شہرمیں بارشوں کا سبب بن سکتے ہیں،جن میں اگست میں داخل ہونے والے بارش کے سلسلے تیزبارشیں دے سکتے ہیں.
پیرکوزیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.3 ڈگری جبکہ نمی کاتناسب مzید اضافے سے72 فیصد رہا۔