پاکستان فلور ملز کی جمعرات سے ملک بھر میں ملیں بند کرنے کی دھمکی

آٹے پر ودہولڈنگ ٹیکس عائد ہونے سے فی کلوگرام آٹے کی قیمت میں 8 روپے کا اضافہ ہوجائے گا، واپس لیا جائے، مالکان

فوٹو : فائل

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے گندم کی مصنوعات پر ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کے خلاف بدھ 10 جولائی سے گندم کی واشنگ روکنے اور جمعرات 11 جولائی سے غیر معینہ مدت کے لیے فلور ملیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔

یہ اعلان پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چئیرمین چوہدری عامر عبداللہ نے منگل کو چوہدری محمد یوسف ودیگر عہدیداروں کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے لیے یہ آخری الٹی میٹم ہے، اگر حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے تو کراچی سمیت ملک بھر کی فلور ملیں جمعرات سے بند کردیں گے۔


ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں پہلی بار روٹی پر بھی ودہولڈنگ ٹیکس عائد کیا گیا ہے، حکومت عام آدمی کی روٹی پر نظر رکھنے کے بجائے اس پر ودہولڈنگ ٹیکس واپس لینے کا اعلان کرے، ودہولڈنگ ٹیکس عائد ہونے سے فی کلوگرام آٹے کی قیمت میں 8روپے کا اضافہ ہوجائے گا۔

فلور ملوں کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ ایف بی آر ٹیکس وصولیوں میں ناکامی کے بعد فلور ملوں کو ریونیو وصولیوں کی ذمہ داری دے رہی ہے، فیصلے پر نظر ثانی نہ ہونے کی صورت میں بدھ 10جولائی سے کراچی سمیت ملک بھر کی فلور ملیں گندم کی واشنگ اور پسائی بند کردیں گی، بھینس کالونیوں اور مویشیوں کو چوکر کی سپلائی بند کردی جائے گی اور جمعرات 11جولائی سے ملک بھر کی فلور ملیں غیرمعینہ مدت کے لیے بند کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فلور ملوں میں پسپائی اس وقت تک بند رکھیں گے جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے، ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ سے ایف بی آر میں رشوت ستانی کا بازار گرم ہوجائے گا۔

عامر عبداللہ نے کہا کہ فلور ملوں کو پابند رکھنے کے بجائے انہیں آزاد رکھا جائے تاکہ گندم کے تیار ہونے والے آٹا بلکہ دیگر ویلیوایڈڈ گندم کی مصنوعات کی برآمدات کرکے ملک کے لیے کثیر زرمبادلہ کمایا جاسکے۔
Load Next Story