راولپنڈی دوہرے قتل کا ملزم مقتول کا بھائی نکلا ملزم گرفتار

ملزم نے دوران تفتیش اپنے بھائی اور بھابھی کے قتل کا اعتراف کیا، ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، پولیس

پولیس کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف کرلیا—فوٹو: راولپندی پولیس

مندرہ کے علاقہ میں دوہرے قتل کا ذمہ دار مبینہ طور پر مقتول کا سگا بھائی ہی نکلا، جس نے اپنے بھائی اور بھابھی کو جائیداد کی تنازع پر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم ارشاد نے 4 روز قبل جائیداد کے تنازع اور گھریلو رنجش پر فائرنگ کر کے اپنے سگے بھائی مظہر اور بھابھی غوثیہ بی بی کو قتل کر دیا تھا، جس کا مقدمہ مقتول کی بیٹی کی مدعیت میں4 روز قبل ہی تھانہ مندرہ میں درج کیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پی او سید خالدہمدانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس پی صدر کی زیرنگرانی اسپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔


پولیس کا کہنا تھا کہ ٹیموں نے سائینٹیفک طریقہ تفتیش سے حالات اور واقعات کو مشکوک جانتے ہوئے ملزم کو شامل تفتیش کیا اور ملزم ارشاد نے دوران تفتیش اپنے بھائی مظہر اور بھابھی غوثیہ بی بی کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

ایس پی صدر راولپندی محمد نبیل کھوکھر نے بتایا کہ ملزم کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے جبکہ ملزمان کی گرفتاری پر ایس پی صدر، ایس ڈی پی او گوجرخان اور مندرہ پولیس کی ٹیموں کو شاباش دی۔

سی پی او راولپندی خالد ہمدانی نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان کتنے ہی شاطر کیوں نہ ہوں قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان جمع کرکے عدالت سے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
Load Next Story