ڈالر کی غیر قانونی خرید و فرخت میں ملوث گینگ کے 2 کارندے گرفتار

ایف آئی اے، اسٹیٹ بینک سرکل کراچی کی ریکس سینٹر صدر میں کارروائی، ملزمان سے ڈالر، یورو برآم، مقدمہ درج

ڈالر کی غیرقانونی خرید و فروخت میں ملوث ملزمان کاشف اور علی ایف آئی اے کی تحویل میں ( فوٹو: ایکسپریس نیوز)

ایف آئی اے، اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے ریکس سینٹر صدر میں کارروائی کے دوران ڈالر کی غیر قانونی خرید و فرخت میں ملوث منظم گینگ کے 2 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتارکرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق حوالہ ہنڈی اور ڈالر کی غیر قانونی خرید و فرخت میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اس سلسلے میں گرفتار ملزمان حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث تھے، گرفتار ملزمان میں کاشف ولد محمد حنیف اورعلی ولد شاہد شامل ہیں۔


ملزمان کے قبضے سے امریکی ڈالر، یورو اور موبائل فونز برآمد کیے گئے، ملزمان کے موبائل فونز میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور ہنڈی حوالہ سے متعلق پیغامات/ ٹرانزیکشن موجود پائی گئیں۔

ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے،ان کی نشاندہی پر گھر پر موجود حوالہ کی رقم پانچ لاکھ روپے نقد، مختلف بینکوں کے چیک بکس، موبائل فون اور سیاہ شیشوں کا اجازت نامہ (جس کی تصدیق وفاقی وزارت داخلہ سے کی جاۓ گی) برآمد کر لی گئیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 19/2024 درج اور سات روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا،دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری بھی جلد متوقع ہے۔
Load Next Story