میڈیکل کالجز کی بھاری فیسوں کیخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار

ویب ڈیسک  بدھ 10 جولائی 2024
سپریم کورٹ کا میڈیکل فیس دیکھنے سے کیا تعلق ہے متعلقہ اتھارٹی سے رجو کیا جائے،عدالت:فوٹو:فائل

سپریم کورٹ کا میڈیکل فیس دیکھنے سے کیا تعلق ہے متعلقہ اتھارٹی سے رجو کیا جائے،عدالت:فوٹو:فائل

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے میڈیکل کالجز کی بھاری فیسوں کے خلاف درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا۔

جسٹس منصورعلی شاہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے  تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان میڈیکل ڈینٹل ایکٹ بنایا گیا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کو غلط لیا گیا۔ ہمارے بچوں نے تو لاکھوں روپے فیس ادا کر کے پڑھ لیا ہے آنے والے طلبا کے مستقبل کا معاملہ ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم اور صدر مملکت کو خط بھی لکھا ہے۔

جسٹس منصورعلی شاہ نے استفسار کیا کہ میڈیکل کالجز کی فیس پر کون سا قانون لگتا ہے۔ سپریم کورٹ ایسے تو کیس نہیں سن سکتا ۔ کیا آپ نے پاکستان میڈیکل کمیشن سے فیس کے حوالے سے رابطہ کیا ہے۔ آپ فیس ریگولیٹری کے پاس جائیں۔ سپریم کورٹ کا میڈیکل فیس دیکھنے سے متعلق کیا کام۔ فیس ریگولیٹری جب بنا ہوا ہے تو کیا آپ اس کے پاس گئے۔ کیا ہم کمیشن بنائیں؟

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ آپ کا ذاتی مسئلہ ہے تو ریگولیٹری سے رجوع کریں۔ سپریم کورٹ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔