مریم نواز کا مزدوروں کو 1224 فلیٹس بلاقیمت دینے، 6 ارب واجبات ادائیگی کا حکم

ویب ڈیسک  بدھ 10 جولائی 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب نے مزدوروں کو 1224 فلیٹس بلاقیمت دینے اور 6 ارب کے واجبات کی ادائیگی کا حکم دے دیا۔

مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم فیصلے کیے گئے، جس میں انہوں نے ٹیکسلا اور سندر لیبر کالونیوں میں مزدوروں کے لیے 1224 فلیٹس بلاقیمت دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے مزدوروں کے لیے 6 ارب روپے کی واجب الادا ڈیتھ اور میرج گرانٹ ادا کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔ گزشتہ دورِ حکومت میں 29 ہزار سے زائد ورکرز کو ڈیتھ اور میرج گرانٹ ادا نہیں کی گئی تھی۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر گارمنٹ سٹی میں خواتین ورکرز کے لیے 2 ہوسٹل بنانے کی منظوری بھی دی گئی، جس کے تحت شیخوپورہ میں 704 خواتین ورکرز کو مفت رہائش فراہم کی جائے گی۔

لیبر ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ورکرز اسکالرشپ پروگرام، لیبر کالونیوں کے قیام، مزدوروں کے لیے ہیلتھ فیسیلیٹی پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے محکمہ لیبر میں اصلاحات، آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ اور کم از کم اجرت کے قوانین پر لازمی عملدرآمد کا حکم دیا۔

مریم نواز کا اس موقع پر کہناتھا کہ پنجاب حکومت نے رواں بجٹ میں کم از کم اجرت 37 ہزار روپے مقرر کی ہے۔ پنجاب کے ہر مزدور کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمے داری ہے۔ اسٹیک ہولڈرز کو فوری طور پر اعتماد میں لے کر کم از کم اجرت نافذ کی جائے۔ ہر ورکر کو پوری اجرت نہ ملنا تکلیف دہ امر ہے۔ ڈومیسٹک ورکرز پر لیبر لاز کا نفاذ نہ ہونا افسوس ناک ہے۔ ورک پلیس پر سیفٹی پروٹوکول اور ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔