190 ملین پاؤنڈ کیس : پرویز خٹک نے عمران خان کی موجودگی میں بیان ریکارڈ کرادیا

ویب ڈیسک  بدھ 10 جولائی 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ کیس میں پرویز خٹک نے بیان ریکارڈ کرادیا ساتھ ہی بنی گالا اسلام آباد کے پٹواری پر جرح بھی مکمل کرلی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کی۔ آج دوران سماعت سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کا بیان ریکارڈ کرلیا گیا اور بنی گالا اسلام آباد کے پٹواری پر جرح بھی مکمل کرلی گئی۔

سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے عدالت میں بیان دیا کہ نیب نے مئی 2023ء میں مجھ سے 190 ملین پاؤنڈ کے حوالے سے بیان لیا، سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر نے مجھ سمیت کابینہ کو بتایا تھا کہ پاکستانی سے غیر قانونی طور پر باہر بجھوائی گئی بڑی رقم برطانیہ میں پکڑی گئی، شہزاد اکبر نے بتایا کہ پکڑی گئی رقم پاکستان کو واپس کی جائے گی۔

پرویز خٹک نے بیان دیا کہ یہ معاملہ کابینہ کے ایجنڈے پر نہیں تھا، میٹنگ میں ایڈیشنل ایجنڈے کے طور پر سامنے لایا گیا، ایڈیشنل ایجنڈے پر مجھ سمیت دیگر کابینہ اراکین نے اعتراض کیا تھا، کابینہ میں رقم کے حوالے سے کاغذات بند لفافے میں پیش کیے گئے، ایڈیشنل ایجنڈے کی منظوری کابینہ سے لی گئی۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ایجنڈے کے ساتھ ایک تحریر بھی تھی، تحریر تھی کہ رقم پراپرٹی ٹائیکون کے مالک نے برطانیہ منتقل کی تھی۔

پرویز خٹک کے بیان کے موقع پر بانی پی ٹی آئی روسٹرم پر آگئے اور مسکراتے رہے۔ بانی پی ٹی آئی نے بیان کے دوران چٹکلا چھوڑا کہ اب تو نواز شریف کے فلیٹ بھی پاکستان واپس آنے چاہئیں۔

کیس کے دیگر دو اہم گواہ سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان اور زبیدہ جلال عدالت میں پیش نہ ہوسکے بعد ازاں ریفرنس کی سماعت 13 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔