کورنگی میں فائرنگ سے پیپلزپارٹی کارکن،شہریوں کے تشدد سےحملہ آور ہلاک

اسٹاف رپورٹر  بدھ 10 جولائی 2024
قتل ذاتی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے تحقیقات جاری ہیں، پولیس:فوٹو:فائل

قتل ذاتی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے تحقیقات جاری ہیں، پولیس:فوٹو:فائل

  کراچی: کراچی کے علاقے کورنگی میں فائرنگ سے پاکستان پیپلز پارٹی کا کارکن ہلاک ہوگیا۔

کورنگی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پاکستان پیپلزپارٹی کا کارکن جاں بحق ہوگیا جبکہ فائرنگ کرنے والا ایک ملزم شہریوں کے تشدد سے ہلاک ہوگیا۔ بدھ کی صبح زمان ٹاؤن تھانے کے علاقے کورنگی نمبرساڑھے 5 دھوبی گھاٹ کے قریب موٹرسائیکل سوارنامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شہری کوشدید زخمی کردیا جبکہ موقع پر موجود شہریوں نے ایک ملزم کوپکڑ لیا اورتشدد کا نشانہ بناڈالا۔ ایک ملزم موقع سے فرارہوگیا،فائرنگ سے شدید زخمی شہری اورتشدد کانشانہ بنائے جانے والے ملزم کوجناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمی شہری اورزخمی ملزم دونوں دوران علاج دم توڑگئے۔

مقتول شہری کی شناخت 30 سالہ نعمان عباسی ولد محمد اقبال کے نام سے کی گئی مقتول کورنگی کنڈوگوٹھ کا رہائشی تھا اورپاکستان پیلپزپارٹی کا سرگرم کارکن تھا،مقتول کا کورنگی بنگالی پاڑا میں چھپڑا ہوٹل بھی تھا،مقتول اپنے گھرسے نکل کرموٹرسائیکل پرکورنگی ساڑھے5 دھوبی گھاٹ کی جانب جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل پرسوار2 نامعلوم مسلح ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی جس سے وہ زخمی ہوگیا جبکہ زخمی نعمان ایک ملزم کوپکڑکر گرگیا۔

اس دوران موقع پرشہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اورشہریوں نے ملزم کوتشدد کا نشانہ بناڈالا۔ جناح اسپتال میں دونوں دوران علاج دم توڑ گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول شہری نعمان مبینہ طورپرزمینوں پرقبضے، گٹکا ماوا،پانی کی لائنوں میں کنکشن لگوانے اور پولیس کے لیے مخبری کا کام بھی کرتا تھا۔

ایس ایس پی کورنگی توحید الرحمن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول نعمان کا تعلق پیپلزپارٹی سے تھا جبکہ مارے جانے والے ملزم کی تاحال شناخت ممکن نہیں ہوسکی تاہم قتل کوسیاسی رنگ نہ دیا جائے۔ عامرعباسی کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں اورپولیس ملزمان کے قریب پہنچ گئی ہے۔ پیپلز پارٹی کے کارکن عامر عباسی کا قتل ذاتی دشمنی پر ہوا تھا۔ مقتول نعمان عباسی کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ کسی کے ساتھ لڑائی جھگڑا تھا۔ شہریوں کے تشدد سے ہلاک ملزم کی شناخت  فیصل عرف چھیتا ولد انیس کے نام سے کرلی گئی جو کورنگی 51 ڈی کا رہائشی اور3 بچوں کا باپ تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔