لاہور: مہنگی اشیا بیچنے کے الزام میں سبزی فروش سمیت 7 دکاندار گرفتار

ویب ڈیسک  بدھ 10 جولائی 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 لاہور: ضلعی انتظامیہ لاہور نے سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کے الزام میں 7 گرانفروشوں کو گرفتار کرکے جیل بھجوا دیا۔

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز نے فیلڈ میں سرپرائز دورے کرتے ہوئے تین ہزار سے زائد مقامات کی چیکنگ کی، اس دوران 100 خلاف ورزیوں پر 6 لاکھ روپے کے جرمانے اور 10 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ زینب طاہر نے متعدد تندوروں اور اسٹوروں پر پرائس انسپکشن کی اور تین تندور مالکان کو ریٹ لسٹ نمایاں جگہ آویزاں نہ کرنے پر بھاری جرمانہ عائد کیا، انہوں نے ایک پھل و سبزی فروش کو گرفتار کروایا اور جرمانہ بھی عائد کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر شالیمار انعم فاطمہ نے 5 افراد کو ریٹ لسٹ نمایاں جگہ آویزاں نہ کرنے پر گرفتار کروایا، اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نے ڈی سی کاونٹزز مینٹین نہ ہونے پر اسٹورز مالکان کو 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا جبکہ ایک سپر اسٹور کو سیل کردیا۔

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق قیمتوں میں ریلیف بنیادی سطح تک پہنچانے کے لیے کوشاں ہیں، انتظامی افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور قیمتوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔