دو سال سے لاپتا لڑکی کی بازیاب کیلیے سماعت، پولیس نے ماں پر لڑکی کو بیچنے کا الزام لگادیا

کورٹ رپورٹر  بدھ 10 جولائی 2024
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

  کراچی: سندھ ہائی کورٹ  نے دو سال سے لاپتا لڑکی کی بازیابی کے لیے ماں کی درخواست پر جے آئی ٹی کی رپورٹ سے آگاہ کرنے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ہائی کورٹ میں 2 سال سے لاپتا لڑکی کی بازیابی کے لئے ماں کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ پولیس نے ماں پر لڑکی کو فروخت کرنے کا الزام عائد کردیا۔

پولیس افسر نے بتایا کہ درخواست گزار مومل کی نشاندہی پر مختلف مقامات پر چھاپے مارے، مومل کی بیٹی ثانیہ شادی شدہ ہے، اس کی اپنے شوہر سے ناراضی ہے  ہوسکتا ہے والدہ نے  مختلف افراد کو بیچ دیا ہو، والد بیان ریکارڈ کرانے سے گریزاں ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ پولیس کوئی کارکردگی نہیں دکھا سکی، صرف الزام لگا رہی ہے، الزامات لگانے کے بجائے پولیس کو لڑکی کو عدالت میں پیش کرنا چاہیے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے نمائندے نے بتایا کہ لڑکی کی تلاش کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ توقع ہے اس معاملے پر جلد پیش رفت ہوگی، جے آئی ٹی کی تشکیل کا نوٹی فکیشن عدالت میں پیش کردیا گیا۔

عدالت نے جے آئی ٹی کے اجلاس اور پیش رفت سے 3 ہفتوں میں آگاہ کرنے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔