مریم نواز کا پوزیشن ہولڈر طلبہ کو نقد انعام، تمام تعلیمی اخراجات ادا کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  بدھ 10 جولائی 2024
مریم نواز نے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو نقد انعام، ٹرافیاں اور سرٹیفکیٹس بھی دیے—فوٹو: اسکرین گریب

مریم نواز نے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو نقد انعام، ٹرافیاں اور سرٹیفکیٹس بھی دیے—فوٹو: اسکرین گریب

 لاہور: پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور بورڈ کے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں دعوت دی اور حکام کو ان کے تمام تعلیمی اخراجات ادا کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور بورڈ کے  پوزیشن ہولڈرز کو اپنے دفتر میں مدعو کیا اور طلبا و طالبات سے تفصیلی ملاقات کی، اس دوران مریم نواز اپنی نشست چھوڑ کر طلبہ کے درمیان بیٹھ گئیں۔

پوزیشن ہولڈر طلبہ سے گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلیٰ تعلیم کے لیے پوزیشن ہولڈر طلبہ کی فیس کی ادائیگی کا اعلان کیا اور حکام کو مذکورہ طلبہ کی تعلیم کے تمام اخراجات ادا کرنے کی ہدایت کردی۔

اس موقع پر پوزیشن ہولڈر ایک طالبہ اپنے گھر کے حالات بتاتے ہوئے آبدیدہ ہوئیں اور کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے لیے والدین پر بوجھ نہیں بننا چاہتی ہوں، پہلے لوگوں نے وعدے پورے نہیں کیے، اب پتا چل رہا ہے مریم نواز ہماری وزیر اعلیٰ ہیں۔

پوزیشن ہولڈر طالب علم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی دعوت سے فخر محسوس ہو رہا ہے اور اعتماد بڑھا ہے۔

 

 

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو ٹرافیاں دیں، تمام طلبہ کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور انعاما ت بھی دیے۔

لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے پوزیشن ہولڈر طلبہ میں محمد کاشف، معیز حیدر، عبید اللہ عثمان، ماہین سجاد، عبیرہ اصغر، زینب آصف، سحر شکیل، لائبہ، غلام ہمایوں دین، احتشام الحق، محمد فرحان، حفصہ، مائرہ عمران، حافظہ کائنات عامر اور مائرہ خرم شامل ہیں۔

مریم نواز بورڈ میں پہلی پوزیشن ہولڈرز کو تین،تین لاکھ، دوسری پوزیشن لینے والے طلبہ کو دو،دو لاکھ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو ایک،ایک لاکھ روپے کے چیک بھی دیے۔

پویشن ہولڈر طلبہ سے گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہر پوزیشن ہولڈر سے بات چیت کی اور ان کی پڑھائی کے اوقات کے بارے میں پوچھا اور وزیر اعلیٰ کی جانب سےدریافت کرنے پر طلبہ نے اساتذہ، والدین اور اپنے بہن بھائیوں کے تعاون اور پسندیدہ مضمون کے بارے میں بتایا۔

بورڈ میں اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ نے ریاضی کو پسندیدہ مضمون قرار دیا، طلبہ نے وزیر اعلی مریم نواز سے کھل کر باتیں کیں اور خوشی کا اظہار کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ خود کو ہونہار طلبہ کے درمیان پاکر فخر محسوس کر رہی ہوں، پوزیشن ہولڈرز کی قابلیت دیکھ کر رشک آتا ہے، بہت خوش ہوں، ملک کا مستقبل روشن ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بچوں کی کامیابی پر والدین اور ٹیچر خوشی اور فخر  محسوس کرتے ہیں۔

اس موقع پر پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، سیکریٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید، ڈاکٹر احتشام انور، سیکریٹری لاہور بورڈ ڈاکٹر بشریٰ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔