قومی کرکٹ ٹیم کے برطرف سلیکٹر وہاب ریاض نے اپنا تفصیلی موقف جاری کردیا

ہم نے بطور ٹیم فیصلے کیے، اپنے کردار پر فخر ہے، سابق سلیکٹر

فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے برطرف سلیکٹر وہاب ریاض نے سوشل میڈیا پر اپنا تفصیلی موقف جاری کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں وہاب ریاض نے کہا کہ بطور سلیکٹر میں نے ٹیم کے لیے مخلص ہو کر کام کیا اور اپنا 100 فیصد دیا، سلیکشن کمیٹی کا حصہ رہنا میرے لیے اعزاز کی بات تھی۔

وہاب ریاض نے لکھا کہ سلیکشن کمیٹی میں سب کے ووٹ کا ایک جتنا وزن ہے، قومی ٹیم کے انتخاب کے لیے سات رکنی پینل کے حصے کے طور پر باہمی تعاون کے ساتھ فیصلے کیے گئے۔

وہاب ریاض نے کہا ہم نے بطور ٹیم فیصلے کیے، مجھے اپنے کردار پر فخر ہے، میں ان لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے لیے دعا کی ہے۔ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے مستقبل کے لیے کامیابی کے سوا کچھ نہیں چاہتا ہوں۔

مزید پڑھیں: سلیکشن سے فارغ وہاب سے سینئیر ٹیم مینجر کی ذمہ داریاں بھی چھین لی گئیں

انکا مزید کہنا تھا کہ امید ہے ٹیم کوچز کے پلان میں آگے بڑھے گی، گیری کرسٹن کے ساتھ کام کر کے بھی اچھا لگا۔


یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس پر سلیکٹر وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو عہدے سے فارغ کردیا گیا تھا جبکہ وہاب ریاض سے سینئر ٹیم منیجر کی ذمہ داریاں بھی واپس لے لی گئی تھیں۔

مزید پڑھیں: وہاب نے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیروں تلے سے زمین نکالنے کا ارادہ کرلیا

وہاب ریاض بدھ کی صبح ایکس پر جاری بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو مجھے قربانی کا بکرا بنانے کی اجازت نہیں دوں گا۔ سلیکشن کمیٹی سے فارغ کرنے اور سینئیر مینیجر کے عہدے سے سبکدوش کیے جانے پر آج شام اپنا بیان جاری کروں گا۔ وہاب نے ان رپورٹس کو مسترد کر دیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے سلیکشن کمیٹی پر دباؤ ڈالا تھا۔

قبل ازیں بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس پر سلیکٹر وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو عہدے سے فارغ کردیا گیا ہے، اب دونوں سابق کرکٹرز آئندہ سلیکشن معاملات میں شامل نہیں ہوں گے۔

عبدالرزاق اور وہاب ریاض کی جگہ نئے سلیکٹرز کا انتخاب کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ سابق کرکٹرز کی جانب سے ٹیم سلیکشن پر تنقید کے بعد کیا گیا ہے۔

Load Next Story