انوشکا کی شادی کے ویڈیوگرافر نے عالیہ کی شادی کور کرنے سے انکار کیوں کیا

میں مشہور شخصیات کے لیے اپنے اصولوں کو کبھی تبدیل نہیں کروں گا، ویڈیوگرافر


ویب ڈیسک July 11, 2024
فوٹو : ویب ڈیسک

بھارت کی اسٹار جوڑی انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی شادی کی ویڈیو بنانے والے وشال پنجابی نے بالی ووڈ جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی کی ویڈیو کے لیے انکار کرنے کی وجہ بتا دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور اپنی شادی کے حسین اور یادگار لمحات کی ویڈیو کے لیے معروف ویڈنگ فلمساز وشال پنجابی کی خدمات حاصل کرنا چاہتے تھے کیونکہ وشال نے ہی انوشکا شرما، ویرات کوہلی اور دیپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ کی شادی کی ویڈیوز بھی بنائی تھیں۔

ویڈنگ فلمساز وشال پنجابی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی کی تقریب کو کور کرنے کی درخواست ٹھکرا دی تھی۔

وشال پنجابی نے کہا کہ عالیہ اور رنبیر نے 14 اپریل 2022 کو اپنی شادی کی تقریب سے چند ہفتے قبل مجھ سے رابطہ کیا تھا لیکن میں اس وقت دستیاب نہیں تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ مشہور شخصیات اپنی شادی سے چند ہفتے پہلے ہی ویڈیوگرافرز سے رابطہ کرتی ہیں تاکہ اُن کی شادی کی تقریب سے متعلق کوئی نجی معلومات لیک نہ ہوسکے۔

وشال پنجابی نے کہا کہ دیر سے رابطہ کرنے کا منفی پہلو یہ ہے کہ اکثر ویڈیوگرافرز دستیاب نہیں ہوتے جبکہ میرا اصول بھی یہی ہے کہ میں کسی مشہور شخصیت کی شادی کو کور کرنے کے لیے اپنی پہلے سے کی گئی بکنگ کو منسوخ نہیں کرتا۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی کی تقریب کی کور نہیں کی کیونکہ مجھے لندن میں ایک بہت ہی خوبصورت دلہن کی شادی کی ویڈیو بنانے کے لیے پہلے ہی بُک کرلیا گیا تھا۔

وشال پنجابی نے مزید کہا کہ میں مشہور شخصیات کے لیے اپنے اصولوں کو کبھی تبدیل نہیں کروں گا، میرے لیے سب برابر ہیں، اگر میں دستیاب ہوں گا تو ضرور ویڈیو بناؤں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں