پشاور ائرپورٹ پر سعودی ائرلائن کے لینڈنگ گیئر میں آگ لگ گئی

فائر ٹینڈرز نے بروقت کارروائی کرکے طیارے کو بڑے حادثے سے بچا لیا، مسافر اور عملہ محفوظ رہے


ویب ڈیسک July 11, 2024
ائرٹریفک کنٹرولر نے بائیں لینڈنگ گیئر میں دھواں اور چنگاریاں دیکھیں

ائرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد سعودی ائرلائن کے لینڈنگ گیئر میں آگ لگ گئی۔


ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق پشاور ائرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد سعودی ائرلائن کے لینڈنگ گیئر میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ سعودی ائرلائن کی پرواز 792 کی پشاور ائرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد ائرٹریفک کنٹرولر نے بائیں لینڈنگ گیئر میں دھواں اور چنگاریاں دیکھیں۔


ائرٹریفک کنٹرولر نے پائلٹ کو بائیں گیئر گئیر سے دھواں اور چنگاری نکلنے سے آگاہ کیا، جس پر سول ایوی ایشن ائر ٹریفک کنٹرولر نے فوراً فائر اینڈ ریسکیو سروسز کو مطلع کیا، جو بروقت موقع پر پہنچ گئے۔ فائر ٹینڈرز نے بروقت کارروائی کی اور لینڈنگ گیئر میں ہونے والی آتشزدگی پر فوراً قابو پاکر طیارے کو بڑے حادثے سے بچا لیا۔




تمام 276 مسافر اور عملے کے 21 ارکان انفلیٹبل سلائیڈ کے ذریعے بحفاظت طیارے سے باہر آگئے۔ سعودی ائرلائن کی پرواز ریاض سے پشاور آئی تھی۔
سول ایوی ایشن کے مطابق واقعے کے بعد باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ کا رن وے بند کر دیا گیا ہے اور کل صبح 10 بجے تک فلائٹ آپریشن پشاور سے معطل رہے گا۔ اس دوران پروازوں کو اسلام آباد منتقل کیا جا رہا ہے۔پی آئی اے سمیت نجی پروازوں کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں