سندھ ایک ہی دن میں 5 بڑی کارروائیاں بھاری مقدار میں منشیات برآمد
محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے ایک ہی دن میں 5 بڑے آپریشنز کرتے ہوئے 7 اسمگلرز کو گرفتار کرکے 59 کلو چرس، 7 کلو آئس اور ایک کلو ہیروئن برآمد کرلی۔
حب ریور روڈ چیک پوسٹ پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں 2 منشیات فروشوں چنگیز علی اور ریاض احمد کو گرفتار کرکے کار کے خفیہ خانوں سے 3 کلو آئس برآمد کرلی گئی۔ پرانی سبزی منڈی میں جھنڈا شاہ قبرستان میں ایکسائز ٹیم کے انٹیلی جنس پر مبنی ایک اور آپریشن میں ایک کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی جب کہ ایک آٹو رکشہ قبضے میں لے لیا گیا۔ منشیات فروش امجد خان ولد دولت خان گرفتار ہوا۔
ایکسائز پولیس ڈسٹرکٹ ملیر کی کراچی میں سپر ہائی وے پر ٹول پلازہ کے قریب بقائی اسپتال کے قریب انٹیلی جنس پر مبنی تیسری کارروائی میں 40 کلو گرام چرس برآمد کر کے منشیات فروش ضیا اللہ ولد احسن اللہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ شاہ فیصل میں آپریشن کے دوران 2 ملزمان عبدالرحمان اور نصیر گل کو گرفتار کرکے 4 کلو آئس اور 7 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔ ایکسائز ٹیم روہڑی کی ایک کارروائی میں ملزم آفتاب احمد بروہی کو کار سمیت گرفتار کرکے 12 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔
گرفتار ملزمان کے خلاف سی این ایس اے کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
دوسری جانب سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کامیاب آپریشنز پر ایکسائز ٹیموں کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے ہمارے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہیں۔ یہ آپریشنز اور گرفتاریاں ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لگن کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ محفوظ اور منشیات سے پاک معاشرے کو یقینی بنانے کے لیے آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے گی۔ مزید تحقیقات کا مقصد منشیات کی اسمگلنگ کے پیچھے موجود پورے نیٹ ورک کو ختم کرنا ہے۔