آذربائیجان کے صدر کا پاکستان پہنچنے پر شاندار استقبال
تینوں مسلح افواج کے چا ق چوبند دستوں نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا، دورے کے دوران کئی معاہدوں پر دستخط ہوں گے
آذربائیجان کے صدر وزیراعظم کی دعوت پر دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، صدر الہام علیوف کا وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پرتپاک استقبال اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
جمعرات کو پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے اعزاز میں وزیراعظم ہائوس میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعظم ہائوس پہنچنے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ وزیر اعظم شہباز شریف معزز مہمان کو اپنے ہمراہ سلامی کے چبوترے پر لے گئے جہاں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے چا ق چوبند دستوں نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
آذربائیجان کے صدر نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اراکین سے مہمان صدر کا تعارف کرایا ۔ جبکہ آذربائیجان کے صدر نے اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے اپنے وفد کے ارکان کا تعارف کرایا۔
قبل ازیں نور خان ایئربیس پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنما بغل گیر ہوئے اور گرم جوشی سے مصافحہ کیا، روایتی لباس میں ملبوس دو بچوں نے آذربائیجان کے صدر کو پھول پیش کیے۔ تینوں مسلح افواج کے چاق چوبند دستوں نے مہمان صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔ صدر الہام علیوف کو توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
آذربائیجان کے صدر وزیراعظم کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ وہ دورے کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔