حکومت کا نئی پاسپورٹ پرنٹنگ مشینیں منگوانے کا فیصلہ بحران ختم ہونے کی اُمید

تاخیرکا مسئلہ حل کرنے کیلیے حکومتی اقدامات تیز، نئی مشینیں ایک گھنٹے میں ایک ہزارپاسپورٹ پرنٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں

(فوٹو: فائل)

حکومت نے پاسپورٹس کے لیے نئی پرنٹنگ مشینیں منگوانے کا فیصلہ کرلیا، جس کے بعد اس حوالے سے جاری بحران ختم ہونے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک بھر میں پاسپورٹ بنانے میں تاخیر کا مسئلہ حل ہونے کے قریب ہے اور حکومت کی جانب سے ملک بھر میں پاسپورٹس بحران کے خاتمے کے لیے اقدامات تیز کردیے گئے ہیں۔



حکومت نے پاسپورٹس پرنٹ کرنے والی نئی مزید مشینیں منگوانے کا فیصلہ کرلیا، اس حوالے سے ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن کو ریکوزیشن تیار کرکے وزارت داخلہ کو ارسال کردی گئی ہے، جس کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ ستمبر میں نئی مشینیں بیرون ملک سے منگوا لی جائیں گی۔


پاسپورٹ حکام کے مطابق نئی مشینوں میں 6 ڈیسک ٹاپ اور 2 ای پاسپورٹ مشینیں منگوائی جائیں گی۔ نئی مشینیں ایک گھنٹے میں ایک ہزار پاسپورٹ پرنٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔


واضح رہے کہ ملک بھر میں گزشتہ ایک سال سے پاسپورٹ بننے کا عمل تاخیر کا شکار ہے، جس کی وجوہات میں کاغذکی کمی اور مشینریوں کی کم استعداد کار تھی اور نتیجتاً شہریوں کو بڑی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

Load Next Story