لاہور طلبہ میں الیکٹرک بائیکس تقسیم بچوں کی تعلیم میری ذمہ داری ہے مریم نواز

طلبہ کو لیپ ٹاپ اور جو طلبہ اعلیٰ تعلیم افورڈ نہیں کرسکتے ان کے لیے 25 ارب کی اسکالرشپ لا رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب


ویب ڈیسک July 11, 2024
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بتایا کہ 8 ہزر لڑکیون کو ای بائیکس دی جارہی ہیں—فوٹو: اسکرین گریب

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے بھر میں طلبا وطالبات میں الیکٹرک اور پیڑول بائیکس تقسیم کرنے کی تقریب میں جلد ہی لیپ ٹاپ فراہم کرنے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کی تعلیم میری ذمہ داری ہے اور جو بچے اعلیٰ تعلیم افورڈ نہیں کرسکتے ہیں ان کے لیے 25 ارب روپے کا اسکالرشپ پروگرام لا رہے ہیں۔

لاہور میں طلبہ کو بلا سود آسان اقساط پر ای-بائیک اور پیٹرول بائیک کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ وزیر اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ بہت محنتی ہیں، انہوں نے مختصر مدت میں بائیکس کی تقسیم کا پراجیکٹ مکمل کیا ہے-

انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں، 4 ماہ میں طلبہ کی آسانی کے لیے بہترین سواری فراہم کر دی ہے، ماحول دوست اور خوبصورت بائیکس ہیں، بائیکس کی ڈاؤن پیمنٹ 40 ہزار میں سے 20 ہزار حکومت پنجاب دے گی-

مریم نواز نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد درخواستیں آئی ہیں تاہم 27200 کو بائیکس مل رہی ہیں، سب اضلاع کی یکساں نمائندگی ہے، اس منصوبے سے نواز شریف بھی بہت خوش ہیں کہ بچوں کو بائیکس مل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ای اینڈ پیٹرول بائیکس فراہمی پراجیکٹ کام کرنے والے تمام افراد کو شاباش دینا چاہتی ہوں، وزیر اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد بلال قاضی بہت محنتی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ پنجاب دنیا کی طرح الیکٹرک ٹرانسپورٹ پر جائے، آج اس پراجیکٹ سے ای بائیکس کاآغاز کیا ہے اگلے فیز میں تعداد مزید بڑھائیں گے، ہماری کسی اسکیم میں خواتین کا کوٹہ نہیں، 8 ہزار بچیوں کی درخواست آئی، سب کو دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بیٹیاں اپنی خود مختاری کے لیے بائیکس چلانا سیکھیں، ان شااللہ آنے والے دنوں میں لیپ ٹاپ دیں گے، ماڈل کا معائنہ کیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ جو طلبہ اعلیٰ تعلیم افورڈ نہیں کر سکتے ان کے لیے 25 ارب کا اسکالر شپ پروگرام لا رہے ہیں، آپ کی تعلیم میری ذمہ داری ہے، کوئی بچہ فیس نہ ہونے کی وجہ سے گھر نہیں بیٹھے گا۔

انہوں نے کہا کہ بائیکس کی ماہانہ قسط نہایت کم رکھی گئی ہے، جن بچوں کے والدین حیات نہیں ان کے لیے والدین کی گارنٹی کی شرط ختم کر دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماحول کی بہتری کے لیے دنیا بہت آگے چلی گئی ہے اور ہمیں بھی پنجاب گرین بنانا ہے، سئنیر وزیر مریم اورنگزیب اسموگ کے خاتمے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے پر کام کر رہی ہیں، پنجاب کے ہر شعبے کو گرین بنائیں گے۔

مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب بھر میں ای-بائیکس کی چارجنگ کے لیے سولر پر مبنی چارجنگ اسٹیشن بنائیں گے، چوری اور فائر کے نتیجے میں بیٹری انشورنس بھی دی گئی ہے، ایک بھی بائیک سفارش پر نہیں دی گئی بلکہ ای بیلٹنگ کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ترقی، طلبہ کو سہولیات فراہمی اور دیگر تمام شعبوں میں لیڈ کرے گا، ماحول دوست بس کے لیے دنیا کی معروف بس کمپنی سے ایم او یو سائن کرچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دسمبر تک 27 بسیں آ جائیں گی، خواب ہے کہ ہر شہر میں ماحول دوست گرین بس چلے، بائیکس کے ساتھ ہیلمٹ دے رہے ہیں، طلبہ بائیکس کو آہستہ چلائیں، اوور اسپیڈ نہیں کریں اور ماں باپ کا خیال رکھنا ہے۔

مریم نواز نے تقریب میں خطاب کے دوران کہا کہ ان شااللہ ایک کے بعد ایک اچھی سہولت دیں گے، پنجاب کی یوتھ تعمیراتی کاموں میں مصروف ہوں نہ کہ جلاؤ گھیراؤ، گریبان پکڑو والی سیاست میں لگیں-

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 5 برسوں میں طلبہ کو جتنی سہولتیں دے پائیں، ان شااللہ فراہم کردوں گی-

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں