کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ختم ہوگیا

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 11 جولائی 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

  کراچی: بحیرہ عرب سے آنے والا مون سون سسٹم سمندر کے مغربی حصے کی جانب منتقل ہوگیا، شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ختم ہوگیا، ہفتے تک ہلکی بارش، پھوار، بوندا باندی کا امکان برقرار رہے گا، جمعرات کو معمول سے تیز ہوائیں چلیں، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 1.1ڈگری کمی سے 35.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو شہرکا مطلع کہیں جزوی ابرآلود رہا اور کہیں صاف رہا، صبح کے وقت نمی کا تناسب 79 جبکہ شام کے وقت 65 فیصد تک بڑھنے کے سبب حبس محسوس کیا گیا۔

شہر میں دن بھر معمول سے زائد تیز سمندری ہوائیں چلیں جس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔ تیزہواوں کی وجہ سے گزشتہ روز کے مقابلے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 1.1 ڈگری کمی سے 35.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق گزشتہ دنوں شہر میں 59 ملی میٹر تک بارشوں کا سبب بننے والا مون سون سلسلہ سمندر میں مغربی جانب منتقل ہوگیا جس کے بعد گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان نہیں ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق اگلے 10 روز تک شہر میں بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے البتہ مہینے کے آخر میں ایک سسٹم متوقع ہے جس کے بارے میں ابھی قبل از وقت نہیں کہا جاسکتا کہ وہ کراچی پر کتنی شدت کی بارشوں کا سبب بن سکتا ہے۔

ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق شہر میں آج (جمعہ) اور کل مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، اس دوران شام تا رات ہلکی بارش اور پھوار کا امکان رہے گا جبکہ معمول سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ صوبے کے ساحلی علاقوں میں موسم ابرآلود جبکہ دیگر میں زیادہ تر گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔