گھریلو صارفین کیلئے بجلی کا فی یونٹ زیادہ سے زیادہ ٹیرف 48.84 روپے کی منظوری

ویب ڈیسک  جمعرات 11 جولائی 2024
نیپرا نے حکومتی درخواست منظور کرلی—فوٹو: فائل

نیپرا نے حکومتی درخواست منظور کرلی—فوٹو: فائل

 اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگیولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ ٹیرف زیادہ سے زیادہ 48.84 روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی اور 200 یونٹ صارفین کو 3 ماہ کے لیے اضافے میں استثنیٰ کی حکومت درخواست بھی منظور کرلی۔

نیپرا نے کراچی سمیت ملک بھر کے لیے یکساں ٹیرف پر اپنا فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

نیپرا سے جاری فیصلے کے مطابق وفاقی حکومت کی درخواست منظور کرتے ہوئے ماہانہ 200  یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے تک والے صارفین کو تین ماہ کے لیے اضافے سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

فیصلے میں بتایا گیا کہ دیگر گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا بنیادی ٹیرف فی یونٹ 7 روپے 12 پیسے تک بڑھے گا، جس کی باقاعدہ منظوری دی گئی ہے اور بجلی کا ٹیرف بڑھانے کے لیے فیصلہ نوٹیفکیشن کےلیے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔

نیپرا کے مطابق گھریلو صارفین کے لیے زیادہ سے زیادہ فی یونٹ ٹیرف 48.84 روپے ہوگا۔

حکومتی درخواست کے مطابق نیپرا نے ماہانہ 201 سے 300  یونٹ والے صارفین کا ٹیرف 7.12 روپے کے اضافے کے ساتھ34.26  روپے، 301 سے 400 یونٹ کا ٹیرف 7.02  روپے اضافے سے 39.15 روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

نیپرا نے 401 سے 500 یونٹ کا ٹیرف 6.12 اضافے کے ساتھ 41.36 روپے مقرر کردیا ہے اور باقاعدہ نوٹیفکیشن وفاقی حکومت جاری کردے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔