لاپتا ظہیرزیب ہمارے کسی ادارے کے پاس نہیں، وزیرداخلہ بلوچستان

ویب ڈیسک  جمعرات 11 جولائی 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

کوئٹہ: وزیرداخلہ بلوچستان میرضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے  کہ لاپتا ظہیر زیب ہمارے کسی ادارے کے پاس نہیں ہے، گرفتار خواتین کو رہا کررہے ہیں۔

وزیرداخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ظہیر ذیب کے رشتے دارکئی روز سے سریاب روڈ بند کرکے بیٹھے ہیں، مگر وہ ہمارے کسی ادارے کے پاس نہیں ہے، ہم نے دس روز تک ان کو احتجاج پرکچھ نہیں کہا۔

صوبائی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پولیس نے آج مظاہرین کو ریڈ زون آنے سے روکا کیونکہ وہ حساس مقام ہے، مظاہرین کی جانب سے فائرنگ اور پتھراؤسے پانچ اہلکار زخمی ہوئے ، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مظاہرین پولیس پر تشدد کررہے ہیں۔

میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ انڈیا سے چلنے والی آئی ڈیز سے غلط پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے،  عوام کو دہشت گردی کے خاتمے کیلیے حکومت کا ساتھ دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے خواتین کا احترام ہے، اسی لیے گرفتار پانچ خواتین کو رہا کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔