چین موسلا دھار بارشوں اور سیلاب سے 6 افراد ہلاک
سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق بعض علاقوں میں سیلاب کا پانی دو میٹر تک بڑھ گیا
چین میں پری مون سون کی موسلا دھار بارشوں کے باعث مختلف واقعات میں 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق جنوب مغربی چین کے شہر چونگ چنگ میں موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں مٹی کے تودے گرنے اور سیلاب سے کم از کم چھ افراد ہلاک اور علاقے میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق چین کے جنوبی، وسطی اور مشرقی حصوں میں شدید بارشیں اس سال معمول سے پہلے شروع ہو گئی ہیں۔
چہارشنبہ کے روز سے ہونے والی موسلا دھار بارشوں نے چونگ کنگ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کی آبادی تین کروڑ 20 لاکھ سے زائد ہے اور یہ دارالحکومت بیجنگ سے بھی زیادہ ہے جس کی وجہ سے یہ چین کے گنجان آباد ترین شہروں میں سے ایک بن گیا ہے۔
سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق بعض علاقوں میں سیلاب کا پانی دو میٹر تک بڑھ گیا جس کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے متعلق دیگر واقعات میں دو افراد ڈوب گئے اور چار افراد ہلاک ہوگئے۔
چونگ کنگ کے اندر ڈیان جیانگ کاؤنٹی میں ایک موسمیاتی اسٹیشن نے بدھ کی رات 10 بجے سے جمعرات کی صبح 7 بجے تک 10.02 انچ بارش ریکارڈ کی۔