بلدیہ مواچھ موڑ کے قریب موٹرسائیکل سے گر کر پھل فروش جاں بحق

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 12 جولائی 2024
(فوٹو: انٹرنیٹ)

(فوٹو: انٹرنیٹ)

  کراچی: بلدیہ مواچھ موڑ کے قریب موٹرسائیکل سے گر کر پھل فروش جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق مدینہ کالونی تھانے کی حدود بلدیہ ٹٓاؤن مواچھ موڑ کے قریب جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب موٹرسائیکل سے گر کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گی۔

متوفی کی شناخت 40 سالہ عدنان ولد داؤد کے نام سے کی گئی، اتحاد ٹاؤن جمعرات بازار کے قریب کا رہائشی اور فروٹ 24 کی مارکیٹ میں فروٹ کا ٹھیلہ لگاتا تھا، متوفی کے ایک جاننے والے فروٹ فروش ارسلان نے بتایا کہ واقعے کے وقت عدنان اپنا ٹھیلہ بند کر کے بلدیہ نیول کالونی سے کھانا کھا کر واپس آرہا تھا کہ موٹرسائیکل فٹ پاتھ سے ٹکرائی جس کے نیتجے میں وہ نیچے گرا اور اس کے سر فٹ پاتھ سے جا لگا جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔

فوری طور پر قریبی واقع پٹنی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، متوفی کا آبائی تعلق پنجاب سے تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔