پشاور : مخصوص نشستوں کے فیصلے پر انصاف لائرز فورم کا ہائیکورٹ میں جشن

ویب ڈیسک  جمعـء 12 جولائی 2024
فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

 پشاور: مخصوص نشستوں کا فیصلہ پی ٹی آئی کے حق میں آنے پر انصاف لائرز فورم کی جانب سے جشن منایا گیا، وکلا نے مطالبہ کیا کہ جتنا جلد ہوسکے سینیٹ انتخابات کرائے جائے تاکہ سینیٹ میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی بھی ہو۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور ہائی کورٹ بار روم میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں وکلاء جمع ہوگئے، وکلاء نے آزاد عدلیہ زندہ باد کے نعرے لگائے اور فیصلے کو آئین و قانون کی فتح قرار دے دیا۔

وکلاء نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے اور ملک کی سب سے بڑی پارٹی ہے، الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں سے محروم کیا لیکن آج سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن اور پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

سید سکندر حیات شاہ ایڈوکیٹ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں بلے کے نشان کے فیصلے کی غلط تشریح کی تھی، پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے اور الیکشن کمیشن نے تسلیم بھی کیا کہ رجسٹرڈ پارٹی ہے، سپریم کورٹ نے آج قرار دیا ہے کہ پی ٹی آئی رجسٹرڈ پارٹی ہے اور مخصوص نشستوں سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔

سید سکندر حیات شاہ ایڈوکیٹ نے کہا کہ مخصوص نشستوں کیس کا فیصلہ آگیا ہے الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات جلد کرانے کے لئے اقدامات کرے، سینیٹ میں خیبرپختونخوا کو نمائندگی سے محروم رکھا گیا ہے، جتنا جلد ہوسکے سینیٹ انتخابات کرائے جائے تاکہ سینیٹ میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی بھی ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔