پشاور مخصوص نشستوں کے فیصلے پر انصاف لائرز فورم کا ہائیکورٹ میں جشن

پشاور ہائی کورٹ بار روم میں بڑی تعداد میں وکلاء جمع ہوئے، فیصلہ ہوتے ہی وکلاء نے آزاد عدلیہ زندہ باد کے نعرے لگائے

فوٹو : فائل

مخصوص نشستوں کا فیصلہ پی ٹی آئی کے حق میں آنے پر انصاف لائرز فورم کی جانب سے جشن منایا گیا، وکلا نے مطالبہ کیا کہ جتنا جلد ہوسکے سینیٹ انتخابات کرائے جائے تاکہ سینیٹ میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی بھی ہو۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور ہائی کورٹ بار روم میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں وکلاء جمع ہوگئے، وکلاء نے آزاد عدلیہ زندہ باد کے نعرے لگائے اور فیصلے کو آئین و قانون کی فتح قرار دے دیا۔


وکلاء نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے اور ملک کی سب سے بڑی پارٹی ہے، الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں سے محروم کیا لیکن آج سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن اور پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

سید سکندر حیات شاہ ایڈوکیٹ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں بلے کے نشان کے فیصلے کی غلط تشریح کی تھی، پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے اور الیکشن کمیشن نے تسلیم بھی کیا کہ رجسٹرڈ پارٹی ہے، سپریم کورٹ نے آج قرار دیا ہے کہ پی ٹی آئی رجسٹرڈ پارٹی ہے اور مخصوص نشستوں سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔

سید سکندر حیات شاہ ایڈوکیٹ نے کہا کہ مخصوص نشستوں کیس کا فیصلہ آگیا ہے الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات جلد کرانے کے لئے اقدامات کرے، سینیٹ میں خیبرپختونخوا کو نمائندگی سے محروم رکھا گیا ہے، جتنا جلد ہوسکے سینیٹ انتخابات کرائے جائے تاکہ سینیٹ میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی بھی ہو۔
Load Next Story