ریلوے کا مسافروں کیلیے لکژری ریل کار متعارف کروانے کا فیصلہ
لکژری ریل کار ملک کے بڑے شہروں کے درمیان چلائی جائے گی، سیکریٹری ریلویز
پاکستان ریلوے نے مسافروں کی سہولت کے لیے لکژری ریل کار متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیکریٹری ریلویز سید مظہر علی شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ''ایکس'' پر بتایا کہ لکژری ریل کار پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ملک کے بڑے شہروں کے درمیان چلائی جائے گی۔
منصوبے کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے جس کے مطابق 4 ریل کاروں پر تقریباً 45 ملین ڈالر کی لاگت آئے گی۔
ریلوے کی جانب سے ریل کار 4 مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی جس میں اسلام آباد سے لاہور، لاہور سے فیصل آباد، لاہور سے ملتان اور کراچی سے حیدر آباد شامل ہے۔