سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو وہ کچھ دے دیا جو انہوں نے مانگا ہی نہیں، رانا ثنا

ویب ڈیسک  جمعـء 12 جولائی 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل نے جو درخواست کی وہ تسلیم نہیں کی گئی، ایک نیا فیصلہ تحریک انصاف کے حق میں آگیا ہے جو انہوں نے آج تک کلیم ہی نہیں کیا یہ آئین کو دوبارہ لکھنے کی کوشش ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ عدالت کا فیصلہ انصاف پر مبنی ہونا چاہے اور ہوتا ہوا نظر آنا چاہے، عدالتی فیصلے عام فہم ہونے چاہئیں اور سمجھ میں آئیں، عام آدمی کو ان فیصلوں سے تحفظ کا احساس ہو کہ عدالتیں انصاف کررہی ہیں ایسے فیصلے جو سمجھ سے بالا تر ہوں جو ابہام پیدا کریں وہ فیصلے ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو فریق عدالت کے سامنے ہو اور جو ریلیف مانگا جارہا ہو اس پر فیصلہ ہونا چاہیے ایسے فیصلوں کے نتائج انتہائی افسوس ناک اور ملک و قوم کے خلاف ہوتے ہیں، ایک فیصلہ آیا تھا جس میں ملک و قوم اور آئین کے فیصلوں کو کرنے کا اختیار دیدیا گیا تھا اس فیصلے کو قوم نے برسوں بھگتا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ سنی اتحاد کونسل کے حق میں نہیں آیا، سنی اتحاد کونسل نے جو درخواست کی وہ تسلیم نہیں کی گئی، ایک نیا فیصلہ تحریک انصاف کے حق میں آگیا ہے جو انہوں نے آج تک کلیم ہی نہیں کیا یہ آئین کو دوبارہ لکھنے کی کوشش کی گئی ہے عدالت عظمی کا احترام ہے لیکن انہوں نے جو حلف اٹھایا وہ آئین کے تحفظ کا حلف ہے آئین کو دوبارہ سے لکھنا میری سمجھ کے مطابق تحفظ سے میل نہیں کھاتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح کا فیصلہ آرٹیکل 63 سے متعلق بھی آیا تھا جس پر تمام قانون دانوں نے کہا یہ آئین کو دوبارہ لکھنے کی کوشش ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔