ہیوی ٹریفک کو لیاری ایکسپریس وے پر منتقل کیا جائے گا، میئرکراچی

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 12 جولائی 2024
فوٹو: ایکسپریس نیوز

فوٹو: ایکسپریس نیوز

  کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کی سڑکیں ہیوی ٹریفک کا مسلسل دباؤ برداشت نہیں کرسکتیں، تھرڈ پارٹی کی مثبت رپورٹ کی صورت میں ہیوی ٹریفک کو لیاری ایکسپریس وے پر فوری منتقل کیا جائے گا جس سے شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے یہ بات جمعے کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی، کراچی پورٹ ٹرسٹ اور کے ایم سی کے اعلیٰ افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی ایس ایم افضل زیدی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس میں کراچی کی سڑکوں پر ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے لیاری ایکسپریس وے کے موثر استعمال کے متعلق مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی، کے پی ٹی اور کے ایم سی کے متعلقہ افسران کی جانب سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کے پیش نظر کراچی کی اہم سڑکوں پر ٹریفک کو منظم انداز میں چلانے کے لیے ضروری ہے کہ موجودہ انفرااسٹرکچر کو بہتر طریقے سے استعمال میں لایا جائے کیونکہ اب یہ شہر ٹریفک کی مزید بدنظمی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے پر ہیوی ٹریفک کے کھلنے سے شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور دیگر سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ میں کمی آئے گی، اس سلسلے میں جمعرات تک تھرڈ پارٹی رپورٹ جمع کرائے گی جس سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، لیاری ایکسپریس وے پر بھی ایم کیٹ سسٹم سے صبح اور شام کے اوقات میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔

میئرکراچی نے کہا کہ شہر کے مختلف حصوں سے ہیوی ٹریفک گزرنے کی وجہ سے ماڑی پور سے لے کر لانڈھی تک ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے، ہیوی ٹریفک کے باعث ماڑی پور روڈ، ایم ٹی خان روڈ، سن سیٹ بلو وارڈ، کورنگی روڈ، جام صادق پل اور دیگر علاقوں کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہونے سے نہ صرف شہریوں کا قیمتی وقت اور ایندھن ضائع ہوتا ہے بلکہ ماحولیاتی اعتبار سے بھی یہ صورتحال تسلی بخش نہیں کہی جاسکتی لہٰذا شہر میں ٹریفک کی صورتحال کی بہتری کے لیے ہمیں اس کے حل کی طرف جانا ہوگا۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کراچی میں ہیوی ٹریفک کے حوالے سے مستقبل میں بہترین حل ہوسکتا ہے، اہم ترین پورٹ سٹی ہونے کی وجہ سے کراچی کی سڑکوں پر مال بردار گاڑیوں،ہیوی ٹرالرز اور ٹرکس کی آمدورفت سارا سال جاری رہتی ہے اور خاص طور پر بندرگاہ کے اطراف اور کراچی سے اندرون ملک جانے والی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے ہیوی ٹریفک کے لیے اوقات کار مقرر کیے گئے ہیں تاہم یہ ضروری ہے کہ اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے جس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور رہنمائی سے حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس سلسلے میں وفاقی حکومت اور اس کے زیر انتظام اداروں کے ساتھ بھی مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے اور آج کے اجلاس کا مقصد بھی یہی ہے کہ کراچی میں ہیوی ٹریفک کے حوالے سے صورتحال کو جلد از جلد بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔