کراچی میں اتوار تک ہلکی بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 12 جولائی 2024
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

  کراچی:  محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ  شہرقائد میں مون سون سلسلے کے اثرات کے نتیجے میں اتوارتک ہلکی بارش،پھوار اور بونداباندی ہونے کا امکان ہے،  جمعے کو زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت 34.5ڈگری ریکارڈ ہوا۔

جمعے کو شہرمیں معمول سے تیزسمندرکی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں چلیں جن کی رفتارابتدا میں 45کلومیٹرفی گھنٹہ جبکہ شام کے وقت  بڑھ کر 50.4کلومیٹر(28ناٹیکل مائلز)ریکارڈ ہوئی، گرمی کا تناسب زیادہ ہونے کے باوجود تیزہوائیں چلنے سےموسم معتدل رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت نمی کا تناسب 76جبکہ شام کے وقت 65 فیصد رہا، جمعے کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق  ہفتے کوشہرکا مطلع جزوی ابرآلود جبکہ معمول سے تیزہوائیں چلنے کا امکان ہے، آج اورکل شام تا رات شہرمیں ہلکی بارش،پھواراوربونداباندی کا بھی امکان ہے۔

آئندہ چندروزکے دوران سمندری ہوائیں فعال رہنے کا امکان ہے، صوبے کے بیشترعلاقوں میں موسم زیادہ ترگرم اورمرطوب رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کو سب سے زیادہ پارہ دیہی سندھ کے ضلع دادومیں 45.5 ڈگری ریکارڈ ہوا، مذکورہ درجہ حرارت جولائی کے مہینے کے معمول کے درجہ حرارت سے3.2ڈگری زائد رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔