کہوٹہ اور میرپور آزاد کشمیر میں زہریلی شراب پینے سے 8 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 4 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق میرپور آزاد کشمیر اور کہوٹہ میں زہریلی شراب سے ہلاکتوں کے 2 مختلف واقعات پیش آئے جن میں مجموعی طور پر 14 افراد جان سے گئے جبکہ 4 افراد اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ شراب نوشی سے ہلاکتوں کا پہلا واقعہ کہوٹہ میں پیش آیا جہاں 12 افراد کی حالت اچانک زہریلی شراب پینے سے غیر ہوگئی جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 8 افراد دم توڑ گئے جبکہ 4 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ زہریلی شراب پینے سے مرنے والوں میں 2 کا تعلق کلر سیداں جبکہ 6 کا تعلق کہوٹہ کے ہی علاقے نارہ مٹور سے ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک افراد گٹھڑا دربار عالیہ میں عرس کی تقریب میں شرکت کے لئے آئے تھے جہاں انہوں نے شراب نوشی کی تاہم شراب پینے کے باعث 8 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ مزید 4 افراد کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں آصف ، ایاز ، نسیم، تسلیم ، شیراز، کامران ، گل سراج اور وسیم شامل ہیں۔
دوسری جانب میرپور آزاد کشمیر میں بھی زہریلی شراب پینے سے ہلاکتوں کا واقعہ پیش آیا جہاں زہریلی شراب سے 6 افراد ہلاک ہوگئے، مرنے والوں میں دلدار، عابد، فاروق ، خالد اور کالان شامل ہیں۔
واضح رہے کہ کچی شراب پینے سے ہلاکتوں کے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں اور حال ہی میں فیصل آباد میں زہریلی شراب پینے سے ہلاکتوں کی خبریں سامنے آئی تھیں جبکہ کراچی کے علاقے چنیسر گوٹھ میں بھی زہریلی شراب پینے سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں تاہم اس حوالے سے کئے گئے حکومتی اقدامات ناکافی ہیں۔