غزہ میں ملبے تلے خواتین اور بچوں کی 60 لاشیں برآمد

شجاعیہ میں اسرائیلی نے مسلسل ایک ہفتے تک بمباری کی تھی

اسرائیلی فوج نے ایک ہفتے کی مسلسل بمباری کے بعد شجاعیہ کے علاقے کو خالی کردیا

غزہ کے علاقے میں اسرائیلی فوج کے آپریشن کے بعد کیے گئے امدادی کاموں کے دوران تباہ حال عمارتوں کے ملبے سے خواتین اور بچوں سمیت 60 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے مشرقی ضلع شجاعیہ میں اسرائیلی فوج ایک ہفتے کے مسلسل محاصرے اور بمباری کے بعد علاقے کو کلیئر قرار دیتے ہوئے وہاں سے چلے گئے۔

جس کے بعد اس علاقے میں فلسطین کی ریسکیو ٹیموں نے امدادی کاموں کا سلسلہ شروع کیا جس کے دوران تباہ حال علاقے میں ملبے کے ڈھیر سے لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔


حماس کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں اسرائیلی فوج نے 300 سے زیادہ رہائشی عمارات اور 100 سے زیادہ کاروباری مراکز کو تباہ کردیا۔

اسرائیلی فوج کے اس علاقے سے چلے جانے کے بعد اپنے گھروں کو واپس لوٹنے والے فلسطینی اپنی عمر بھر کی کمائی اور سر چھپانے کے ٹھکانوں کو یوں تباہ دیکھ کر دھاڑیں مار مار کر رونے لگے۔

ہر طرف قیامت صغریٰ کا عالم تھا۔ کوئی اپنے بیٹے کو تلاش کر رہا تھا تو کسی کو اپنے باپ کی تلاش تھی۔ کہیں بے چین ماں اپنے لاڈلوں کی تلاش میں دیوانہ وار دوڑ رہی تھیں اور کہیں بچیوں کی سسکتی آوازیں تھیں۔

 
Load Next Story