چند جاہل دین اسلام کی مخصوص تعبیر پیش کرکے شر اور فساد پھیلا رہےہیں شاہ عبداللہ
سعودی عرب کے فرمانرواشاہ عبداللہ بن عبدالعزیزنے کہا ہے کہ چند جاہل دین اسلام کی مخصوص تعبیر پیش کرکے شر اور فساد پھیلا رہے ہیں۔
رمضان المبارک کے آغاز کے موقع پر اپنے پیغام میں شاہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ دین اسلام اتحاد، بھائی چارے، میل جول اور احسن انداز میں سچے راستے پر چلنے کی دعوت دینے کا نام ہے لیکن چند نو سربازوں نے دین کے نام پر اصلاح اور دہشت گردی کو آپس میں خلط ملط کر دیا ہے۔ دین کی روح اور اس کی حقیقت کو فراموش کر چکے ہیں اور معاشروں کی تباہی اور بربادی کا سامان مہیا کررہے ہیں۔
خادم الحرمین الشریفین کا کہنا تھا کہ سعودی عرب دہشت گردی کے خلاف بھرپور جنگ لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دہشت گردوں کا پوری قوت سے مقابلہ کیا جائے گا۔ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ وہ نام نہاد اصلاح اور تبدیلی کی آڑ میں ملک میں فساد پیدا کرنے میں کامیاب ہوگا۔ ہم اپنے وطن کی عزت، حرمت اور اس کےدفاع پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔