اسلام آباد ڈپارٹمنٹل اسپورٹس بحال 5 ہزار موٹرسائیکلز بلا سود فراہم کریں گے رانا مشہود

رواں سال دسمبر میں ہاکی لیگ کروانے جا رہے ہیں، جس کی تیاری چل رہی ہے، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام


Zaigham Naqvi July 12, 2024
رانا مشہود احمد نے بتایا کہ روان برس دسمبر میں ہاکی لیگ کا انعقاد ہوگا—فوٹو: ایکسپریس

وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ رواں سال بہت بڑا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، ڈپارٹمنٹل اسپورٹس بحال کر رہے ہیں اور نوجوانوں کو ای بائیکنگ پروگرام کے تحت اسلام آباد میں 5 ہزار موٹر سائیکلز بلا سود دیں گے۔

ایکسپریس کو خصوصی انٹرویو میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ترقی کا سفر شروع ہو گیا ہے جہاں جہاں گروتھ کی ضرورت ہوگی وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں یوتھ پروگرام اپنا کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں میں بلا امتیاز نوجوانوں کو آگے آنے کے مواقع فراہم کریں گے، صوبے ترقی کریں گے تو پاکستان ترقی کرے گا، نوجوانوں کی صلاحیتیوں کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

رانا مشہود کا کہنا تھا کہ ڈپارٹمنٹل اسپورٹس بحال کر رہے ہیں، ایک پورا پلان بنا رکھا ہے، ڈپارٹمنٹس کو انگیج کر رہے ہیں، رواں سال دسمبر میں ہاکی لیگ کروانے جا رہے ہیں، جس کی تیاری چل رہی ہے۔

چیئرمین یوتھ پروگرام نے بتایا کہ ٹینلنٹ ہنٹ کے تحت اسٹیڈیم بحال ہوں گے اور ان میں لوگ بھی نظر آئیں گے، اسپورٹس اکیڈمی بنا رہے ہیں، جس میں نوجوانوں کی گرومنگ کریں گے اور ہر فیلڈ میں نوجوانوں کو باہر بھیجیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی خصوصی توجہ سے اس مرتبہ بجٹ میں ہاکی لیگ، ٹیلنٹ ہنٹ، ای اسپورٹس کے لیے بجٹ رکھا گیا ہے۔

ایک سوال پر رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں یوتھ ڈیولپمنٹ سینٹر بن رہے ہیں، کے پی کے میں دو مرتبہ جا چکا ہوں، رواں ماہ ملک کے دیگر حصوں میں نوجوانوں کو انگیج کرنے کے لیے دورہ کروں گا۔

رانا مشہود احمد خان نے بتایا کہ بلوچستان کے اندر وزیراعظم سب سے بڑا یوتھ پروگرام لائے ہیں، کسانوں کے لیے پروگرام لائے ہیں لیکن اس مرتبہ نچلی سطح پر زیادہ سے زیادہ پراجیکٹ لا رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں