خفیہ ایجنسی کو فون کالز ٹیپ کرنے کا اختیار دینا لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
خفیہ ایجنسی کو حکومت کی طرف سے دیا گیا فون کالز ٹیپ کرنے کا اختیار لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جوڈیشل ایکٹوزم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت کا خفیہ ایجنسی کو فون کالز ٹیپ کرنے کی اجازت دیناآئین اور عدالتی فیصلے کے منافی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ کسی کا فون ٹیپ کرنے کے لیے عدالتی اجازت کی ضرورت ہے، اس کے بغیر ایسا نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت کے پاس ایسا اختیار نہیں ہے کہ وہ فون کالز ٹیپ کرنے کی اجازت دے۔ حکومت کا فون کالز کو ٹیپ کرنے کی اجازت دینے ملکی اور عالمی قوانین کی خلاف وزری ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ وفاقی حکومت کی فون کالز ٹیپ کرنے کی اجازت کو کالعدم قرار دیا جائے۔